دشمن کا اب نئے انڈیا سے سامنا ہے :مودی کی پھر اشتعال انگیزی

دشمن کا اب نئے انڈیا سے سامنا  ہے :مودی کی پھر اشتعال انگیزی

نئی دہلی (مانیٹرنگ ڈیسک)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی نے منگل کو آدم پور ایئر بیس پر اشتعال انگیز تقریر کرتے ہوئے کہا کہ پھر پاکستان کے میزائل، ڈرون، یو اے ویز اور ایئرکرافٹس ہمارے ایئر ڈیفنس سسٹم کے سامنے سب کے سب ڈھیر ہو گئے ۔

 انہوں نے یہ دعویٰ بھی کیا کہ پاکستان کے حملوں میں ہمارے کسی ایئر بیس اور ایئرڈیفنس سسٹم پر آنچ تک نہیں آئی۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ ‘آپریشن سندور سے بوکھلائے دشمن نے اس ایئربیس سمیت ہمارے ایئربیسز پر کئی بار حملہ کرنے کی کوشش کی۔ بار بار اس نے ہمیں ٹارگٹ کیا، لیکن ناکام ہو گئے ۔وزیراعظم مودی نے کہا کہ اب ہم صرف ہتھیاروں سے نہیں جنگ کر رہے بلکہ اب ڈرون اور ڈیٹا سے لڑائی ہو رہی ہے ۔ ہمیں ہر وقت الرٹ اور تیار رہنے کی ضرورت ہے اور ہمیں دشمن کو یہ باور کرانے کی ضرورت ہے کہ اب اس کا سامنا نئے انڈیا سے ہے ۔انہوں نے کہا کہ ہماری ایئرفورس نے صرف 20 ،25 منٹ کے اندر پاکستان کے اندر اہداف کو انتہائی درستگی سے نشانہ بنایا۔مودی نے کہا کہ یہ جدید ٹیکنالوجی سے لیس ایک پیشہ ور فوج ہی کر سکتی ہے ۔ آپ کی رفتار اور درستگی اتنی تھی کہ دشمن ہکا بکا رہ گیا اور اسے پتا ہی نہیں چلا کہ کب اس کا سینہ چھلنی ہو گیا۔انہوں نے پھر اشتعال انگیزی کا مظاہرہ کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان ہماری جدید ٹیکنالوجی کا مقابلہ نہیں کر سکتا اور ہمارے ڈرون اور میزائل کے بارے میں سوچ کر پاکستان کو کئی دن تک نیند نہیں آئے گی۔ان کے مطابق آپریشن سندور کی گونج ہر کونے میں سنائی دے رہی ہے ۔مودی نے کہا کہ جب ہماری بہنوں اور بیٹیوں کا سندور چھینا گیا تو پھر ان کے گھر میں گھس کر دہشتگردوں کو کچل دیا اور نو ٹھکانوں کو مٹی میں ملا کر سو سے زائد دہشتگرد مارے ہیں۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں