آپریشن سندور سے حب الوطنی کا جذبہ پروان چڑھا:مودی
نئی دہلی(آ ئی این پی)بھارتی وزیراعظم نریندر مودی کا کہنا ہے کہ آپریشن سندور سے حب الوطنی کا جذبہ پروان چڑھا، دنیا کو پیغام دیا ہے کہ بھارت دہشتگردی کیخلاف لڑائی کیلئے تیار ہے۔
آپریشن سندور کے دوران ہماری افواج نے جو غیر معمولی شجاعت اور مہارت دکھائی اس نے ہر بھارتی کا سر فخر سے بلند کر دیا ہے ۔مودی کا کہنا تھا کہ یہ آپریشن محض ایک فوجی کارروائی نہیں تھا بلکہ یہ نئے انڈیا کے عزم، حوصلے اور صلاحیت کی تصویر ہے ۔ اس تصویر نے ملک بھر میں حب الوطنی کی ایسی لہر دوڑا دی ہے جو دلوں کو جوڑ رہی ہے ، جذبوں کو بیدار کر رہی ہے ۔مودی نے کہا کہ اسی جذبے نے ووکل فار لوکل کی مہم کو ایک نئی روح دی ہے ۔ کئی مثالیں دل کو چھو جاتی ہیں۔ ایک جوڑے نے کہا کہ اب وہ اپنے بچوں کے لیے صرف انڈیا میں بنے کھلونے ہی خریدیں گے تاکہ حب الوطنی کا جذبہ بچپن سے پروان چڑھے ۔کچھ خاندانوں نے تہیہ کیا ہے کہ اپنی اگلی چھٹیاں انڈیا کے کسی خوبصورت گوشے میں گزاریں گے ۔
کئی نوجوانوں نے فیصلہ کیا ہے کہ وہ میڈ اِن انڈیا شادی کریں گے یعنی شادی، شاپنگ اور تقریب کے ہر پہلو میں انڈیا کے مقامی ہنر کو ترجیح دیں گے ۔ کچھ افراد نے کہا کہ اب وہ جو بھی تحفہ دیں گے ، وہ کسی انڈین ہنر مند کے ہاتھوں کا بنا ہوگا۔دوسری جانب بھارتی سیاسی جماعت کانگریس کے رکن پارلیمنٹ ششی تھرور کی قیادت میں انڈیا کے ارکان پارلیمنٹ کا ایک وفد پہلگام حملے اور اس کے بعد انڈیا کی طرف سے کی گئی کارروائی کے بارے میں اپنا موقف بتانے کیلئے امریکا پہنچ گیا ہے ۔پہلگام حملے کے بارے میں ششی تھرور نے کہا پاکستان نے دہشت گردوں کے بنیادی ڈھانچے کو ختم کرنے کی کوئی کوشش نہیں کی اور وہاں محفوظ پناہ گاہیں بدستور موجود ہیں۔ششی تھرور نے کہا اگر پاکستان ایسا کرتا ہے تو ہم اس آپریشن کی طرح مزید کارروائیاں کر سکتے ہیں۔