یوکرین کا روس پر بڑاحملہ،40فوجی طیارے تباہ:4ائیربیس کو نشانہ بنایا گیا،472ڈرونز بیلسٹک،کروز میزائلوں کا استعمال،روس کا تربیتی مرکز پر جوابی وار،12فوجی ہلاک،60زخمی

یوکرین کا روس پر بڑاحملہ،40فوجی طیارے تباہ:4ائیربیس کو نشانہ بنایا گیا،472ڈرونز بیلسٹک،کروز میزائلوں کا استعمال،روس کا تربیتی مرکز پر جوابی وار،12فوجی ہلاک،60زخمی

ماسکو ،کیف(اے ایف پی،مانیٹرنگ ڈیسک) یوکرین نے روس پر اب تک کے سب سے بڑے حملے میں روس کے 40 فوجی طیارے تباہ کر دئیے ،4 ائیربیس کو نشانہ بنایا گیا ، حملے میں 472 ڈرونز، بیلسٹک اور کروز میزائلوں کا استعمال کیا گیا ۔روس نے یوکرینی فوج کے تربیتی مرکز پر جوابی وار کر کے 12 فوجی ہلاک اور 60 زخمی کر دئیے ۔

تفصیلات کے مطابق یوکرین نے دعویٰ کیا ہے کہ اس نے روس پر ایک بڑا ڈرون حملہ کیا ہے جس میں اس کے فوجی اڈوں پر 40 جہاز تباہ کر دئیے گئے ۔ اس حملے کی ایک ویڈیو بھی جاری کی گئی ہے جس میں دیکھا جا سکتا ہے کہ ڈرون حملوں کے بعد آگ کے شعلوں نے جہازوں کو اپنی لپیٹ میں لے لیا ہے ۔یوکرینی حکام کے مطابق روس کے خلاف حملے میں 472 ڈرونز، 7 بیلسٹک اور کروز میزائلوں کا استعمال کیا گیا۔ اس حملے کو روس کے خلاف یوکرین کا اب تک کا سب سے بڑا حملہ قرار دیا جا رہا ہے ۔یوکرین کی سکیورٹی سروس کا کہنا ہے کہ آپریشن سپائیڈرز ویب کی ڈیڑھ برس سے منصوبہ بندی کی جا رہی تھی ،صدر زیلنسکی اس کو خود مانیٹر کر رہے تھے ۔۔یوکرین کے صدر زیلنسکی نے کہا کہ خصوصی آپریشن میں اس نے ہزاروں کلومیٹر دور چار ایئربیس پر کھڑے روسی طیاروں کو 7 ارب ڈالر مالیت کا نقصان پہنچایا،یہ دشمن کی اسٹریٹجک ایوی ایشن کی تخمینہ لاگت ہے ۔یہ حملہ ایک ایسے وقت پر کیا گیا ہے جب روس اور یوکرین کے درمیان جنگ بندی کی کوششیں جاری تھیں اور دونوں ممالک ایک بار پھر ترکی کے شہر استنبول میں ملنے جا رہے ہیں۔ادھر روس کی وزارت دفاع کا کہنا ہے کہ اتوار کی صبح یوکرین نے اس کے پانچ مختلف ریجنز میں ایئرفیلڈ پر حملے کیے ۔

مرمنسک، ارکوتسک، ایوانو، ریازن اور امور پر دہشتگردانہ حملے کئے گئے ۔ وزارت دفاع کے مطابق ان تمام حملوں کو پسپا کر دیا گیا ہے ۔وزارت کے مطابق ایئرفیلڈز کے قریبی علاقوں سے ایف پی وی ڈرونز کے حملوں کی وجہ سے ایوی ایشن کے متعدد آلات کو آگ لگی ہے جسے اب بجھا دیا گیا ۔ارکوتسک کے گورنر کا کہنا ہے کہ سریدنی اور سائبریا کے فوجی اڈوں پر حملہ کیا گیا ہے ۔روسی میڈیا کے مطابق مرمنسک اور ارکوتسک کے فوجی اڈے فعال ہیں۔۔علاوہ ازیں روس نے یوکرین کے فوجی تربیتی مرکز پر میزائل حملہ کیا ہے جس کے نتیجے میں 12 یوکرینی فوجی ہلاک اور 60 سے زائد زخمی ہو گئے ۔کیف نے اپنے فوجی نقصانات کا غیر معمولی اعتراف کرتے ہوئے یہ نہیں بتایا کہ حملہ کہاں ہوا، بیان میں کہا گیا زیادہ تر فوجی حملے کے وقت اپنی پناہ گاہوں میں تھے ۔ یوکرینی فوج نے ایک بیان میں کہا اگر یہ ثابت ہو جاتا ہے کہ اہلکاروں کی موت و دیگر نقصان نا اہلی کی وجہ سے ہوئے ہیں تو ذمہ داروں کو سخت احتساب کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔ادھر ٹریننگ سائٹ پر روسی حملے کے بعد یوکرینی کمانڈر مستعفی ہو گئے ۔

جنرل میخائیلو ڈراپاتی نے اتوار کو کہا کہ وہ مستعفی ہو رہے ہیں کیونکہ وہ تربیتی میدان پر روسی حملے میں کم از کم 12 فوجیوں کی ہلاکت کی ذمہ داری محسوس کرتے ہیں۔ یہ ایک دانستہ قدم ہے ۔ روسی حکام نے بتایا کہ یوکرین کی سرحد سے متصل روس کے برائنسک علاقے میں، ہفتے کو دیر گئے ایک دھماکے کے نتیجے میں ایک سڑک کا پل ریلوے لائن پر گر گیا، جس سے ماسکو جانے والی ایک مسافر ٹرین پٹری سے اتر گئی ، سات افراد ہلاک ہو گئے ۔ کرسک کے علاقے میں ایک علیحدہ ریل پل کو اتوار کو دھماکے سے اڑا دیا گیا، جس سے ایک مال بردار ٹرین پٹری سے اتر گئی اور ڈرائیور زخمی ہو گیا۔روسی فوج نے کہا کہ اس نے یوکرین کے شمالی علاقے سومی کے ایک اور گاؤں پر قبضہ کر لیا ہے ۔روسی سرکاری خبر رساں ادارے نے کہا کہ ایک روسی وفد یوکرین کے ساتھ بات چیت کیلئے استنبول روانہ رہا ہے جبکہ یوکرینی صدر زیلنسکی نے کہا کہ ان کے وزیر رستم عمروف کی قیادت میں وفد روس کے ساتھ یوکرین میں جنگ بندی پر بات چیت کے لیے پیر کو استنبول پہنچے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں