غزہ جنگ بندی ،پاکستان سلامتی کونسل میں پھر قرارداد لائیگا

غزہ جنگ بندی ،پاکستان سلامتی کونسل میں پھر قرارداد لائیگا

نیویارک(اے پی پی)پاکستان نے غزہ جنگ بندی کی قرارداد پر امریکی ویٹو کے بعد اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں دوبارہ قرارد اد پیش کرنے کے عزم کا اعادہ کیااورکہا ہے کہ پوری عالمی برادری فلسطینیوں کے ساتھ ہے۔۔

 جبکہ امریکا غزہ میں فوری جنگ بندی کیلئے قرارداد کی مخالفت کرنے والا واحد رکن بن گیا ہے ۔اقوام متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں غزہ میں جنگ بندی سے متعلق قرارداد پر اپنے ووٹ کی وضاحت کرتے ہوئے 15 رکنی سلامتی کونسل میں دوبارہ قرارداد پیش کرنے کا وعدہ کیا تاکہ وہ فلسطین میں امن کی بحالی کیلئے اپنی ذمہ داری ادا کرے ۔ انہوں نے کہا کہ ہم ہاتھ پر ہاتھ دھرے بیٹھنے والے نہیں ہیں، اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی پر قرارداد کو امریکا نے ویٹو کر دیا جبکہ 14 ارکان نے اس کی حمایت کی۔ پاکستانی مندوب نے تقریر میں کہا کہ ویٹو کاسٹ آج ایک انتہائی خطرناک پیغام بھیجتا ہے کہ 20 لاکھ سے زیادہ محصور فلسطینیوں کی زندگیاں ، بھوک اور مسلسل بمباری کا شکار ہیں،اقوام متحدہ کی تاریخ میں یہ ایک اور افسوسناک دن ہے جسے بین الاقوامی امن اور سلامتی کی بحالی کی بنیادی ذمہ داری سونپی گئی ہے ۔ پاکستانی مندوب نے کہا کہ ہم سلامتی کونسل میں غزہ جنگ بندی پر دوبارہ قرارداد پیش کریں گے ، پاکستان نے 10منتخب ارکان کی طرف سے پیش کی گئی قرارداد کو منظور کرنے میں سلامتی کونسل کی ناکامی پر گہرے افسوس کا اظہار کیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار پھر غیر مستقل ارکان نے یہ ظاہر کیا ہے کہ وہ اقوام متحدہ کی جنرل رکنیت کی طرف سے سونپی گئی ذمہ داری کو پوری طرح نبھانے کیلئے تیار ہیں۔ انہوں نے سوال کیا کہ آخر کب تک دنیاتباہ شدہ عمارتوں کے ملبے ، قبروں اور بچوں کی چیخوں کے سامنے خاموش رہے گی یہ تباہی ختم ہونے میں ابھی کتنا وقت درکار ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں