حملہ ہوا تو ایران جوہری ہتھیار تیار کر سکتا :آئی اے ای اے

تہران(مانیٹرنگ ڈیسک)بین الاقوامی جوہری ادارے کے سربراہ رافیل گروسی نے خبردار کیا ہے کہ اسرائیلی حملہ ایران کو جوہری ہتھیاروں کے حصول پر مجبور کر سکتا ہے ۔
گروسی نے کہا ایرانی حکام نے انہیں حملے کے ممکنہ نتائج کے بارے میں خبردار کیا ہے اور میں یہ اسلئے بتا رہا ہوں کیونکہ انہوں نے مجھ سے براہ راست یہ بات کہی ہے ۔ گروسی نے متنبہ کیا کہ ایران کی جوہری تنصیبات پر اسرائیلی حملہ تہران کو جوہری ہتھیاروں کی تیاری کے قریب لا سکتا ہے ۔ گروسی نے اسرائیلی اخبار کو انٹرویو میں کہا انہیں اس بات کا یقین نہیں ہے کہ اسرائیل ایران کیخلاف ایسی کارروائی شروع کرے گا ، ایرانی جوہری تنصیبات اتنی گہرائی میں محفوظ ہیں کہ انہیں تباہ کرنا کوئی آسان کام نہیں۔ اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو جوہری ہتھیاروں کے حوالے سے تہران کا موقف نا صرف مزید سخت ہونے کا امکان ہے بلکہ اس معاملے میں سفارتکاری بھی تعطل کا شکار ہو سکتی ہے ۔ اگر صاف لفظوں میں کہوں تو یہ کہ وہ جوہری ہتھیاروں کے حصول کی کوشش کر سکتا ہے یا پھر جوہری ہتھیاروں کے عدم پھیلاؤ کے معاہدے سے ہی دستبردار ہو جائے گا۔