عالمی منڈی میں ہلچل،تیل کی قیمتیں اوپر،سٹاک مارکیٹس نیچے،سونا ریکارڈ مہنگا

عالمی منڈی میں ہلچل،تیل کی قیمتیں اوپر،سٹاک مارکیٹس نیچے،سونا ریکارڈ مہنگا

لندن (اے ایف پی)اسرائیل کی جانب سے ایران کے جوہری اور فوجی اہداف پر حملوں کے بعد جمعہ کو عالمی منڈیوں میں شدید ہلچل دیکھی گئی، تیل کی قیمتوں میں زبردست اضافہ ہوا ۔

جبکہ سٹاک مارکیٹس تنزلی کا شکار ہو گئیں۔تیل کے فیوچر معاہدوں کی قیمتوں میں ایک موقع پر 13 فیصد سے زائد اضافہ ہوا، جو جنوری کے بعد کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئیں۔ اس اچانک اضافے سے عالمی مہنگائی میں دوبارہ اضافے کے خدشات پیدا ہو گئے ہیں۔ لاگت میں اضافے کے خدشات کے پیش نظر ایشیا اور یورپ کی اکثریتی سٹاک مارکیٹس میں کمی دیکھی گئی،ایران کے اسرائیل پر جوابی حملوں کے بعد امریکی سٹاک مارکیٹس میں شدید مندی کا رجحان رہا ،امریکی میڈیا کے مطابق ڈاؤ جونز انڈیکس میں 868 پوائنٹس یعنی 2 فیصد کی کمی دیکھی گئی۔اسی کے ساتھ ساتھ نیسڈیک میں 1.2 فیصد اور ایس اینڈ پی 500 انڈیکس 1.1 فیصد گراوٹ کا شکار رہی۔امریکی اسٹاک مارکیٹس میں مندی کے بعد سرمایہ کاروں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ تاہم توانائی کے شعبے سے وابستہ کمپنیوں کے حصص میں اضافہ ہوا کیونکہ خام تیل کی قیمت میں اب بھی تقریباً 8.5 فیصد اضافہ برقرار ہے ۔ڈالر کی قدر میں اضافہ ہوا، جبکہ سونے کی قیمت جو محفوظ سرمایہ کاری سمجھا جاتا ہے - 3500 ڈالر فی اونس کی اپریل میں قائم کردہ ریکارڈ سطح کے قریب پہنچ گئی۔ٹریڈنگ گروپ "انٹرایکٹو انویسٹر" کے ریچرڈ ہنٹر نے کہا مشرق وسطیٰ میں بڑھتی کشیدگی سے عالمی منڈیاں لرز گئی ہیں۔ ایشیائی مارکیٹس نے سب سے پہلے ردعمل دیا اور تمام بڑے انڈیکس منفی میں بند ہوئے ۔اسی رجحان نے یورپ کی مارکیٹس کو بھی متاثر کیا، جہاں تقریباً تمام سٹاک انڈیکس منفی زون میں ٹریڈ کر رہے تھے ۔گلوبل فنانشل فرم ایبری کے مارکیٹ اسٹریٹجی کے سربراہ میتھیو ریان نے کہاسرمایہ کاروں کو سب سے بڑا خدشہ یہ ہے کہ کشیدگی میں اضافہ نہ صرف ایک طویل تنازع کو جنم دے گا بلکہ ایرانی تیل کی پیداوار میں بھی خلل ڈال سکتا ہے ۔ریان نے مزید کہا کہ خام تیل کی قیمتوں میں اچانک اضافے سے عالمی ترقی کے امکانات متاثر ہو سکتے ہیں اور مہنگائی میں مسلسل اضافہ مرکزی بینکوں کے لیے شرح سود میں کمی کو مشکل بنا دے گا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں