ایران اسرائیل جنگ :سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس بے نتیجہ رہا
نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک )ایران اور اسرائیل کی جنگ کے پیش نظر اقوام متحدہ کی سلامتی کونسل کا ہنگامی اجلاس گزشتہ روز نیویارک میں ہوا جس کا کوئی نتیجہ نہ نکل سکا ۔
پاکستانی مندوب عاصم افتخار کا کہنا تھا کہ اسرائیل مسلسل جارحیت اور بین الاقوامی قوانین کی خلاف ورزی کر رہا ہے ، صہیونی ریاست کے اقدامات خطے کے امن کیلئے خطرہ ہیں۔ ایران کے پاس یو این چارٹر کے تحت حق دفاع موجود ہے ، ایران کے ایٹمی معاملے کا پرُامن حل نکالا جانا چاہئے ،عالمی برادی کو اسرائیل جارحیت کا نوٹس لینا چاہئے ۔امریکی مستقبل مندوب نے اقوام متحدہ سلامتی کونسل کے ہنگامی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ایران پر حملہ کرنا اسرائیل کا یکطرفہ فیصلہ تھا، اسرائیل نے امریکا کو ایران پر حملے سے قبل آگاہ کیا تھا۔ایران نے امریکی تنصیبات پر حملہ کیا تو نتائج بھیانک ہوں گے ، ایران کو ایٹمی معاملے پر ڈیل کرنی چاہئے ۔ایرانی مندوب کا کہنا تھا کہ ایران پر اسرائیلی حملہ بین الاقوامی قوانین اور یون این چارٹر کی خلاف ورزی ہے ، اسرائیل نے امریکی مدد سے ایران میں کئی مقامات پر حملے کئے ،اسرائیلی حملوں میں شہیداورزخمیوں کی بڑی تعدادخواتین اوربچوں کی بھی ہے ، اسرائیلی جارحیت واضح طور پر ریاستی دہشت گردی ہے ۔ سلامتی کونسل کے اجلاس میں روس نے ایران پر اسرائیلی حملوں کی مخالفت کردی۔ روسی ایلچی کا کہنا تھا کہ ایرانی سرزمین پر اسرائیلی حملوں کو جائز نہیں ٹھہرایا جاسکتا ،جارحانہ اقدامات کو برداشت کرنا عالمی سلامتی کیلئے سنگین خطرہ ہے ، کشیدگی کم کرنے کیلئے روس سفارتی کوششوں کی مکمل حمایت کرے گا۔