غزہ :امداد کے منتظرافراد پر اسرائیلی حملے معمول ،20شہید
غزہ ،پیرس(اے ایف پی)غزہ شہری دفاع کی ایجنسی نے کہا ہے کہ امداد کے منتظرافراد پر حملے معمول بن گئے ، اسرائیلی فوجیوں نے پیر کو خوراک جمع کرنے کے منتظر 20 افراد کو شہید کر دیا۔
شہری دفاع کے ترجمان محمود بسال نے بتایا قابض افواج نے جنوبی شہر رفح میں العالم گول چکر کے قریب فائرنگ کی ،جہاں بہت سے لوگ امداد کی تقسیم کے منتظر تھے ۔ باسل نے کہا فائرنگ سے 200 سے زائد افراد زخمی ہوئے ۔دوسری جانب فرانس نے پیر کو پیرس ایئر شو میں 5 اسرائیلی اسلحہ ساز کمپنیز کے سٹالز تک رسائی روک دی۔ یہ اقدام اسرائیلی کمپنیز کی جانب سے جارحانہ ہتھیاروں کی نمائش کے باعث کیا گیا جن میں وہ ہتھیار بھی شامل تھے جو غزہ میں استعمال ہوئے ۔حکام کے مطابق ان ہتھیاروں کی نمائش فرانس کے ساتھ کیے گئے معاہدوں کی خلاف ورزی ہے ۔اسرائیلی صدر اسحاق ہرزوگ نے اس فیصلے کی شدید مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ فیصلے کو فوری طور پر واپس لیا جائے ۔خبر ایجنسی کے مطابق ایئر شو میں موجود 4 دیگر اسرائیلی سٹالز بدستور کھلے ہیں۔