پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل سے 1ارب ڈالرآمدن متوقع

پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل سے 1ارب ڈالرآمدن متوقع

نیویارک (مانیٹرنگ ڈیسک )پی آئی اے کے روزویلٹ ہوٹل سے ایک ارب ڈالر کی تاریخ ساز آمدن متوقع ہے ۔۔

حکومت کی روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے سلسلے میں کوششیں کامیاب ہونے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے ، اس حوالے سے ذرائع نجکاری نے بتایا کہ  روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری کے سلسلے میں اس وقت 3 آپشنز پرغور کیا جارہا ہے ۔ذرائع نے بتایا کہ پہلی تجویز میں روزویلٹ ہوٹل کسی کنسورشیم کو ٹھیکے پر دینے پر غورکیاجائیگاجبکہ روزویلٹ ہوٹل کو لیز پر دینے کی دوسری تجویز بھی تیار ہے ۔ ان دو آپشنز کے علاوہ روزویلٹ ہوٹل کو جوائنٹ وینچر پر دینے کی تیسری تجویزبھی تیار ہے ۔ذرائع کا کہنا تھا کہ روزویلٹ ہوٹل کی نجکاری سے متعلق اہم فیصلے کابینہ کی نجکاری کمیٹی کرے گی۔امریکا کے سابق صدر تھیوڈور روزویلٹ سے منسوب مین ہٹن کے وسط میں قائم 100 سالہ قدیم عمارت پاکستان کے قیمتی ترین غیر ملکی اثاثوں میں شمار ہوتی ہے جسے پاکستان نے 2000 میں حاصل کیا۔غیر ملکی خبررساں ادارے نے ایک اعلیٰ پاکستانی سرکاری عہدیدار کے حوالے سے بتایاکہ پاکستان نیویارک میں اپنے زیر ملکیت روزویلٹ ہوٹل کی قیمت کم از کم ایک ارب ڈالر لگوانا چاہتا ہے اور مین ہٹن میں واقع اس اہم اثاثے کے کچھ شیئرز فروخت کرنے کیلئے تیار ہیں تاکہ ہوٹل کی جدید طرز پر تعمیر نو کیلئے سرمایہ کاروں کو راغب کیا جا سکے ۔ مسلسل بڑھتے خسارے کے باعث 1000 سے زائد کمروں پر مشتمل یہ ہوٹل 2020 میں بند کر دیا گیا تھا، ہوٹل کو مختصر مدت کیلئے تارکین وطن کی رہائش گاہ کے طور پر بھی استعمال کیا گیا۔حکومت پاکستان نے منگل کو روزویلٹ ہوٹل کیلئے ٹرانزیکشن سٹرکچر کی منظوری دی۔ حکومت نے کہا کہ وہ اس عمارت کو مکمل طور پر فروخت نہیں کرے گی بلکہ اس کی زیادہ سے زیادہ طویل مدتی قدر کے حصول کیلئے مشترکہ منصوبے کا ماڈل اپنایا جائے گا تاہم اس کی مزید تفصیلات نہیں بتائی گئیں۔ 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں