اسرائیل کو تسلیم کرنے کا امریکی دبا ؤنہیں:رضوان سعید

 اسرائیل کو تسلیم کرنے کا امریکی دبا ؤنہیں:رضوان سعید

ڈیلاس(آئی این پی )امریکا میں پاکستان کے سفیر رضوان سعید شیخ نے کہا ہے کہ پاکستان اور امریکا کے درمیان انسداد دہشت گردی کے حوالے سے جلد اہم مذاکرات ہونے جارہے ہیں۔

 معاشی و اقتصادی تعلقات میں بھی مثبت پیش رفت دیکھنے میں آرہی ہے ،امریکا کی  جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کا کوئی دبا ؤنہیں، اسرائیل سے متعلق ہماری پالیسی قائداعظم کے نظریات کے مطابق ہے ۔ ان خیالات کااظہار انہوں نے ڈیلاس میں پاکستانی کمیونٹی لیڈر ڈاکٹر کامران کی رہائش گاہ پر ظہرانے کے موقع پر میڈیا سے غیر رسمی گفتگوکے دوران کیا۔ انہوں نے کہا کہ صدر ڈونلڈ ٹرمپ اور پاکستان کے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کے درمیان حالیہ ملاقات کے بعد دونوں ممالک کے تعلقات میں نئی راہیں کھلی ہیں اور باہمی اشتراک میں وسعت آئی ہے ۔ ایک سوال کے جواب میں سفیر رضوان شیخ نے کہا کہ امریکا کی جانب سے اسرائیل کو تسلیم کرنے کے لیے پاکستان پر کوئی دبائو نہیں ہے ۔ انہوں نے واضح کیا کہ پاکستان کی پالیسی آج بھی وہی ہے جو بانی پاکستان قائداعظم محمد علی جناح نے فلسطین کے بارے میں اختیار کی تھی، اور یہ اصولی موقف آج بھی برقرار ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں