پہلگام حملہ:نیشنل کانفرنس کا لیفٹیننٹ گورنر سے استعفے کا مطالبہ
سرینگر (اے پی پی)مقبوضہ کشمیر کی سیاسی جماعت نیشنل کانفرنس نے پہلگام میں فالس فلیگ آپریشن کے دوران سکیورٹی ناکامی کی ذمہ داری قبول کرنے پر نئی دہلی کے مقرر کردہ لیفٹیننٹ گورنر منوج سنہا سے استعفیٰ دینے اور کشمیری عوام سے معافی مانگنے کا مطالبہ کیا ہے ۔
نیشنل کانفرنس کے ترجمان عمران نبی ڈار نے ایک انٹرویو میں کہا کہ منوج سنہا کو اپنی ناکامی کا اعتراف کرتے ہوئے استعفیٰ دینا چاہیے ، کیونکہ ان کی پالیسیوں نے کشمیریوں کی زندگی، وقار اور روزگار کو خطرے میں ڈال دیا ہے ۔ کمیونسٹ پارٹی آف انڈیا کے رہنما محمد یوسف تاریگامی نے کہا کہ پہلگام حملے میں 26 شہریوں کی جانیں سکیورٹی ناکامی کے باعث گئیں، جس پر مودی حکومت کو جوابدہ ہونا چاہیے ۔حزبِ اختلاف نے اس واقعے کو مرکز کی جانب سے کشمیر میں مسلط کی گئی پالیسیوں کا ایک اور ناکام تجربہ قرار دیا ہے ۔ادھر ضلع ڈوڈا کے علاقے پونڈہ میں ایک مسافر گاڑی سڑک سے پھسل کر گہری کھائی میں گر گئی، جس کے نتیجے میں 5 افراد ہلاک اور 17 زخمی ہو گئے ۔ بعض کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔ادھر ضلع اسلام آباد (اننت ناگ) کے علاقے پہلگام میں جاری ہندو امرناتھ یاترا کے دوران ایک یاتری سنجے مسور بے ہوش ہو کر گر پڑا اور موقع پر ہی دم توڑ گیا۔ وہ بھارتی ریاست مہاراشٹر سے تعلق رکھتا تھا۔علاوہ ازیں ضلع کولگام کے علاقے برنال میں ایک سرکاری سکول میں آگ لگنے سے کم از کم تین عمارتوں کو شدید نقصان پہنچا ہے ۔