ڈھاکا:54سال بعد جماعت اسلامی کو’پلٹن میدان‘میں ریلی کی اجازت
ڈھاکا(دنیا مانیٹرنگ)بنگلہ دیش کے دارالحکومت ڈھاکا میں جماعت اسلامی نے 54 سال بعد پہلی بار سہرودی اودیان (پلٹن میدان) میں سیاسی طاقت کا مظاہرہ کرتے ہوئے ہفتے کو ایک بڑی ریلی کا اہتمام کیا۔
یہ وہی میدان ہے جہاں 1971 میں پاکستان کی فوج نے انڈیا اور بنگلہ دیش کی فورسز کے سامنے ہتھیار ڈالے تھے ۔ یہ پہلا موقع ہے جب جماعت اسلامی کو 54 سال بعد اس میدان میں ریلی کرنے کی اجازت دی گئی ۔ اے ایف پی کے مطابق ہفتے کو جماعت اسلامی کے ہزاروں حامی دارالحکومت میں جمع ہوئے تاکہ اگلے انتخابات سے قبل اپنی طاقت کا مظاہرہ کیا جا سکے ۔جماعت اسلامی نے حکومت کو سات نکاتی مطالباتی ایجنڈا بھی پیش کیا ہے جس میں آزاد، شفاف اور پُر امن انتخابات یقینی بنانا، بڑے پیمانے پر ہونے والے قتل عام کے مقدمات، ضروری اصلاحات اور گذشتہ سال کے مظاہروں کے چارٹر پر عمل کرنے جیسے مطالبات شامل ہیں۔اس کے علاوہ جماعت نے انتخابی نظام میں متناسب نمائندگی کا مطالبہ بھی کیا ہے ۔