دشمن کیخلاف سخت کارروائی بھارت کا نیا معمول :بھارتی آرمی چیف کی گیدڑبھبکی
نئی دہلی (آئی این پی )بھارتی فوج کے سربراہ جنرل اپیندر دیویدی نے پاکستان مخالف ہرزہ سرائی کرتے ہوئے کہا ہے کہ آپریشن سندور پاکستان کے لیے ایک پیغام تھا کہ دہشتگردی کے حامیوں کو بخشا نہیں جائے گا ۔
نئی دہلی میں کارگل وجے دیوس کی تقریب سے خطاب میں ان کا کہنا تھا کہ دشمن کے خلاف سخت کارروائی بھارت کا نیا معمول بن چکا ہے ۔انہوں نے دعویٰ کیا کہ بھارتی فوج نے پاکستانی سرزمین پر 9 دہشتگرد اہداف کو نشانہ بنایا، جبکہ کسی قسم کا ضمنی نقصان نہیں ہوا۔ دیویدی نے کہا کہ بھارت نے پہلگام حملے کا فیصلہ کن جواب دیا ہے اور آئندہ بھی ایسا ہی ردعمل دیا جائے گا۔جنرل دیویدی نے فوج کی نئی سٹرائیک فورسز، ڈرون یونٹس اور دفاعی نظام میں اضافے کا اعلان بھی کیا۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی فوج جلد دنیا کی مضبوط ترین افواج میں شمار ہونے لگے گی۔تجزیہ کاروں کے مطابق بھارتی آرمی چیف کے ان بیانات کا مقصد داخلی سطح پر سیاسی ماحول کو گرمانا اور پاکستان کے خلاف جارحانہ بیانیہ کو تقویت دینا ہے ۔