بنگلہ دیش:شیخ حسینہ واجد کی رہائشگاہ میوزیم میں تبدیل

بنگلہ دیش:شیخ حسینہ واجد کی رہائشگاہ میوزیم میں تبدیل

دھاکہ(اے ایف پی)بنگلہ دیش کی سابق وزیراعظم شیخ حسینہ کی محل جیسی رہائشگاہ کو میوزیم میں تبدیل کیا جا رہا ہے تاکہ ان کے آمرانہ حکمرانی کا یادگار ثبوت قائم رہے ۔

محل کی دیواروں پر آزادی اور انصاف کے نعرے لکھے گئے ہیں اور انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کی یاد دلاتے ہوئے انہیں ڈکٹیٹر اور قاتل کہا گیا ہے ۔ واضح رہے ایک سال قبل 5 اگست 2024 کو طلبا کی قیادت میں حکومت کا تختہ الٹنے کے بعد حسینہ بھارت فرار ہو گئیں۔اقوام متحدہ کے مطابق ان کی حکومت کے دوران 1400 سے زائد افراد مارے گئے ۔ علاوہ ازیں آج منگل کو حسینہ کی برطرفی کی پہلی سالگرہ کے موقع پر قومی تعطیل کا اعلان کیا گیا ہے ۔ ادھر نگران حکومت کے سربراہ نوبل انعام یافتہ محمد یونس آج جمہوری اصلاحات کا اعلان کریں گے ۔دریں اثنا حسینہ کیخلاف مقدمے کی سماعت جاری ہے ، 25سالہ طالبعلم عبداللہ عمران نے عدالت کو بتایا کہ پولیس فائرنگ میں اس کی ٹانگ بری طرح زخمی ہوئی، جب حسینہ ہسپتال آئیں تو انہوں نے زخمی مظاہرین کو قید کرنے اور علاج نہ کرنے کا حکم دیا۔عمران نے کہا کہ اس کی سرجری بار بار موخر کی گئی، درست دوائیں نہیں دی گئیں ، والدین کو اسے نجی ہسپتال منتقل کرنے سے بھی روک دیا گیا۔ میری ٹانگ سڑنے لگی تھی، بدبو برداشت سے باہر ہو گئی تھی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں