پیر س میں پاکستانی اخبار فروش کیلئے اعلیٰ ترین سول اعزاز
پیرس (رائٹرز) پاکستان سے تعلق رکھنے والے 73 سالہ اخبار فروش علی اکبر، جنہوں نے پیرس کے مشہور لاطینی کوارٹر میں نصف صدی سے زائد عرصے تک اخبارات فروخت کیے۔۔۔
اب فرانس کے اعلیٰ ترین سول اعزاز سے نوازے جا رہے ہیں۔علی اکبر 1973 ئمیں فرانس آئے اور اخبارات فروخت کرنے کا پیشہ اپنایا۔ انہوں نے اپنی خوش مزاجی، زندہ دلی اور مستقل مزاجی سے نہ صرف مقامی لوگوں کا دل جیتا بلکہ ایک ایسے پیشے کو زندہ رکھا جو وقت کے ساتھ دم توڑ رہا تھا۔صدر ایمانویل میکرون ستمبر میں انہیں ‘‘نیشنل آرڈر آف میرٹ’’ کے خطاب سے نوازیں گے ، جو کہ فرانس میں شہری یا فوجی خدمات کے اعتراف میں دیا جانے والا ایک معتبر اعزاز ہے ۔راولپنڈی کے رہائشی اکبر پیرس کی گلیوں میں گھوم پھر کر اخبارات فروخت کرنے والے آخری فرد ہیں ۔ وہ کہتے ہیں کہ مجھے کاغذ کی خوشبو اور اس کا لمس پسند ہے ، وہ کہتے ہیں کہ اخبار بیچنے کا میرا ایک خاص انداز ہے ،میں لوگوں کو ہنسانے کی کوشش کرتا ہوں، ایک خوشگوار فضا قائم کرتا ہوں۔ مقصد یہ ہوتا ہے کہ دلوں میں جگہ بناؤں، جیبوں میں نہیں۔تاہم وہ یہ بھی تسلیم کرتے ہیں کہ ڈیجیٹل دور میں یہ کام پہلے جتنا آسان نہیں رہا۔اب آٹھ گھنٹے میں بمشکل بیس کاپیاں 'لی موند' کی بیچ پاتا ہوں۔ سب کچھ آن لائن ہو چکا ہے ۔ لوگ اخبار خریدنا چھوڑ چکے ہیں۔