جنرل اسمبلی :مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کیلئے قراردادمنظور

جنرل اسمبلی :مسئلہ فلسطین کے پرامن حل کیلئے قراردادمنظور

غزہ میں 54 جوڑوں کی اجتماعی شادی،اسرائیلی حملے ،صحافی سمیت مزید6شہید اسرائیل اورلبنان کے شہری نمائندوں کے درمیان دہائیوں بعد تاریخی ملاقات

نیو یارک،غزہ (نیوز ایجنسیاں )اقوام متحدہ کی جنرل اسمبلی کے 80ویں اجلاس میں مسئلہ فلسطین کے پرامن حل اور شامی علاقے گولان پر قراردادیں منظور کی گئیں۔ پہلی قرار داد مسئلہ فلسطین کے پرامن حل سے متعلق تھی جس کے حق151 اور مخالفت میں11 ووٹ پڑے ۔دوسری قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ اسرائیل تمام مقبوضہ شامی گولان سے مکمل انخلا کرے ۔ قرارداد کے حق میں 123 اور مخالفت میں7 ووٹ آئے ۔ دہائیوں بعد پہلی بار اسرائیلی اور لبنانی نمائندوں کے درمیان براہِ راست مذاکرات ہوئے ،اسرائیلی حکومتی ترجمان کے مطابق ملاقات کا مقصد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات اور اقتصادی تعاون کے لیے بنیاد قائم کرنا ہے ۔لبنانی وزیرِ اعظم نوّاف سلام نے کہا اسرائیل کے ساتھ جاری بات چیت صرف جنگ بندی نگرانی میکانزم کے تحت ہے ، اسے وسیع امن مذاکرات نہ سمجھا جائے ۔

غزہ کے علاقے خان یونس میں دو سالہ جنگ کی تباہی کے باوجود 54 جوڑوں نے اجتماعی شادی کر کے زندگی کی نئی امید جگا دی۔ دلہنیں روایتی فلسطینی کڑھائی والے لباس اور دولہے سیاہ سوٹ پہن کر عمارتوں کے ملبے پر بچھے سرخ قالین سے گزرے ۔ ایونٹ میں روایتی موسیقی، رقص اور سینکڑوں شہریوں کی شرکت نے ویران ماحول میں خوشی کی فضا پیدا کی۔ دولہا کرم مساعد نے کہا کہ تباہی اور بھوک کے بعد یہ لمحہ دلوں کو تازہ کر گیا۔ادھر غزہ میں جنگ بندی کے باوجود اسرائیل کے متعدد فضائی حملوں میں صحافی محمود وادی سمیت 6 فلسطینی شہید اور متعدد زخمی گئے ۔ اسرائیلی فوج کا کہنا ہے کہ غزہ کے لوگوں کے مصر میں داخلے کے لیے رفح کراسنگ آئندہ کچھ روز میں کھولیں گے ۔ اسرائیل نے ریڈ کراس کے ذریعے ایک اور یرغمالی کی لاش وصول کر لی۔ جنوبی غزہ کے علاقے رفح میں حماس کے ساتھ جھڑپ کے دوران چار اسرائیلی فوجی زخمی ہوگئے ۔پیرس میں اداکار بینیڈکٹ کمبرباچ، جوش اوکانر اور جیویر بارڈم سمیت 200 سے زائد بین الاقوامی مشہور شخصیات نے اسرائیل سے فلسطینی رہنما ماروان برغوتی کی رہائی کا مطالبہ کیا ہے ۔ برغوتی 2002 سے اسرائیلی قید میں ہیں ۔

 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں