غزہ :اسرائیلی جارحیت ،7افراد شہید،لبنان میں 4عمارتیں تباہ
کئی آبادیوں کو نشانہ بنایاگیا،جنگ بندی معاہدہ کے بعد 360فلسطینی شہید لبنا ن میں اسرائیلی طیاروں کی بمباری ،اسلحہ گودام کو نشانہ بنانے کا دعویٰ
غزہ ،بیروت(مانیٹرنگ ڈیسک)اسرائیلی فوج نے غزہ اور لبنان میں جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزی کرتے ہوئے 7 افراد کو شہید اور 4 عمارتیں تباہ کردیں۔اسرائیلی فوج نے رفح سمیت مختلف رہائشی علاقوں میں آپریشن کرتے ہوئے آبادی کو نشانہ بنایا، ایک روز میں 7 فلسطینی شہید کردئیے ۔ فلسطینی وزارت صحت کے مطابق اسرائیلی فوج جنگ بندی معاہدے کے بعد سے اب تک 360 فلسطینیوں کو شہید کرچکی ہے جبکہ 900 سے زائد افراد زخمی ہوئے ، غزہ جنگ کے آغاز سے اب تک 70 ہزار سے زائد افراد اپنی جانیں گنوا چکے ہیں۔ لبنان میں بھی اسرائیل کی جنگ بندی معاہدے کی خلاف ورزیاں ہیں، جنوبی لبنان میں اسرائیلی طیاروں نے بمباری کرکے 4 رہائشی عمارتیں تباہ کر دیں۔اسرائیلی فوج نے حملوں میں حزب اللہ کے اسلحہ گوداموں کو نشانہ بنانے کا دعویٰ کیا ہے ۔