اجلاسوں میں سوتا نہیں ،صرف آنکھیں بند کرلیتا ہوں :ٹرمپ

اجلاسوں میں سوتا نہیں ،صرف آنکھیں بند کرلیتا ہوں :ٹرمپ

اسپرین کے استعمال سے ہاتھ پر نیل پڑے ،خون پتلا رکھنا چاہتا ہوں

واشنگٹن (اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے اپنے ہاتھ پر پڑنے والے بڑے نیل کے نشانات کی وجہ روزانہ اسپرین کے استعمال کو قرار دیا ، انہوں نے اس تاثر کو مسترد کر دیا ہے کہ وہ سرکاری اجلاسوں  کے دوران اونگھتے یا سو جاتے ہیں۔ یہ بات انہوں نے وال سٹریٹ جرنل کو دئیے گئے ایک انٹرویو میں کہی ۔79 سالہ ٹرمپ امریکی تاریخ میں صدارت سنبھالنے والے معمر ترین فرد ہیں، انہوں نے اخبار کو بتایا میری صحت بالکل درست ہے ،ٹرمپ نے اپنی جسمانی حالت سے متعلق مسلسل سوالات پر ناراضی کا اظہار کیا۔صدر ٹرمپ شاذ و نادر ہی باقاعدہ ورزش کرتے ہیں، سوائے اپنے گالف کورسز پر جانے کے اور وہ برسوں سے چکنائی اور نمک سے بھرپور فاسٹ فوڈ کے شوقین ہونے کا اعتراف کرتے آئے ہیں۔ریپبلکن صدر نے اپنے ہاتھ پر نیل پڑنے کی وضاحت کرتے ہوئے کہا کہ وہ روزانہ خون کو پتلا رکھنے کیلئے اسپرین استعمال کرتے ہیں۔ان کا کہنا تھا میں نہیں چاہتا کہ گاڑھا خون میرے دل سے گزرے ،انہوں نے کہا میں صرف آنکھیں بند کر لیتا ہوں، یہ میرے لئے باعثِ سکون ہوتا ہے ، بعض اوقات فوٹوگرافر پلک جھپکنے کے لمحے میں تصویر بنا لیتے ہیں۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں