دشمن کے سامنے جھکیں گے نہیں گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کر دینگے : ایرانی سپریم لیڈر
مہنگائی ،غیر ملکی کرنسی کی قیمت میں اتار چڑھاؤ اور عدم استحکام فطری نہیں ہے ، دشمن ملوث :خامنہ ای مہنگائی کیخلاف احتجاج جائز مگرہنگامہآرائی کی اجازت نہیں دینگے ، ٹرمپ کی دھمکی پرسپریم لیڈر کا ردعمل
تہران (اے ایف پی)ایران کے سپریم لیڈر خامنہ ای نے امریکی صدر ٹرمپ کی دھمکیوں پر سخت ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایران دشمن کے سامنے نہیں جھکے گا، ہر گز پیچھے نہیں ہٹیں گے ۔ دشمن کو گھٹنے ٹیکنے پر مجبور کردیں گے ۔انہوں نے کہا مہنگائی کیخلاف احتجاج جائز ہے مگرہنگامہآرائی کی اجازت نہیں دینگے ، صدر اور دیگر اعلیٰ حکام اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کر رہے ہیں، غیر ملکی کرنسی کی قیمت میں شدید اتار چڑھاؤ اور عدم استحکام فطری نہیں بلکہ اس میں دشمن ملوث ہے ۔ایرانی سپریم لیڈر کا کہنا تھاکہ احتجاج کرنا مناسب ہے لیکن احتجاج اور شرپسندی میں فرق ہوتا ہے۔
انسانی حقوقگروپوں کے مطابق سات روز سے جاری مظاہروں میں کم از کم 10 افراد ہلاک اور سینکڑوں گرفتار ہوئے ہیں۔ مظاہرے زیادہ تر مغربی اور جنوب مغربی شہروں میں مرکوز ہیں، جہاں جھڑپیں اور توڑ پھوڑ کی اطلاعات موصول ہوئی ہیں۔دوسری جانب ایران کے مغربی شہر ہارسین میں مظاہروں کے ساتویں روز ایک بسیج رکن علی عزیزی شہید ہو گیا۔ایرانی میڈیا کے مطابق علی عزیزی کو مظاہرین نے چھری اور فائرنگ سے شدید زخمی کیا ، جس کے بعد وہ دم توڑ گئے ۔