کابل:ہوٹل میں دھماکا، چینی سمیت 7 افراد ہلاک ،20زخمی
کابل(اے ایف پی،دنیا مانیٹرنگ) افغانستان کے دارالحکومت کابل کے علاقے شہر نو میں ایک چینی ہوٹل میں پیر کو دھماکے میں ایک چینی سمیت سات افراد ہلاک اور20زخمی ہو گئے۔۔۔
کابل پولیس ترجمان خالد زدران نے ایکس پر جاری بیان میں تصدیق کی کہ شہرنو کی گل فروشی سٹریٹ میں دھماکا چینی ریستوران ‘چائنیز نوڈل’ میں ہوا جس میں ایک چینی اور چھ افغان شہری جان سے گئے ۔ انہوں نے لکھا کہ ریستوران ایک مسلمان چینی عبدالمجید، ان کی اہلیہ اور افغان شہری عبدالجبار مشترکہ طور پر چلاتے تھے ۔حکام کے مطابق دھماکے کی نوعیت ابھی تک معلوم نہیں ہو سکی ۔شہر نو میں کچھ سفارت خانے ، کاروباری مراکز اور سرکاری ایجنسیوں کے دفاتر ہیں اور یہ دارالحکومت کے سب سے زیادہ گنجان آباد علاقوں میں سے ایک ہے ۔طالبان کے زیر کنٹرول نیشنل ریڈیو اور ٹیلی ویژن نے کہا ہے کہ دھماکا گیس سلنڈر پھٹنے سے ہوا۔