انڈر 19ورلڈ کپ:پاکستان نے سکاٹ لینڈ کو شکست دیدی
ونڈ ہیوک میں جنوبی افریقہ نے تنزانیہ کو 329 رنز کے بڑے مارجن سے ہرادیا
ہرارے (سپورٹس ڈیسک )پاکستان نے آئی سی سی انڈر 19 ورلڈ کپ کے 12 میچ میں سکاٹ لینڈ کو 6 وکٹ سے شکست دی اور میگا ایونٹ میں جیت کا کھاتہ کھول لیا۔ہرارے میں کھیلے گئے میچ میں پہلے سکاٹ لینڈ نے بیٹنگ کی جو 49ویں اوور میں 187رنز بناکر آؤٹ ہوگئی، پاکستانی فاسٹ بولر علی رضا نے 37 رنز کے عوض 4 جبکہ مومن قمر نے 46 رنز دے کر 3 کھلاڑیوں کو پویلین بھیجا۔گرین شرٹس نے 188رنز کا ہدف 44ویں اوور میں 4 وکٹ کے نقصان پر حاصل کرلیا، عثمان خان نے 75 اور احمد حسین نے 47رنز کی اننگز کھیل کر ٹیم کو فتح دلائی۔دوسری طرف ونڈ ہیوک میں کھیلے گئے میچ میں جنوبی افریقہ نے تنزانیہ کو 329 رنز کے بڑے مارجن سے ہرادیا۔
میچ میں جنوبی افریقہ نے 5 وکٹ پر 397 رنز سکور کیے ، جو کہ 50 اوورز میں انڈر-19 ورلڈ کپ کے اس ایڈیشن کا سب سے بڑا سکور اور جنوبی افریقہ کی ٹیم کی اب تک کی بہترین کارکردگی ہے ۔اس ریکارڈ نے نمیبیا کے خلاف 2012 میں بنائے گئے بہترین سکور ریکارڈ 359/6 کو بھی پیچھے چھوڑ دیا۔ جنوبی افریقہ کی اننگز میں ٹیم کے کپتان محمد بلبولیا نے 108 رنز اور جیسن رولز نے ناقابلِ شکست 125 رنز کی اننگز کھیلی ، جواب میں تنزانیہ کی ٹیم صرف 68 رنز پر ڈھیر ہوگئی، مجولا اور جیسن راؤلز نے دو، دو کھلاڑی آؤٹ کئے ۔