70 فیصد آبادی ڈیجیٹل سروسز استعمال کر رہی ،گورنر اسٹیٹ بینک
کراچی(بزنس رپورٹر)گورنر اسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا ہے کہ ملک بھر میں 70فیصد سے زائد آبادی ڈیجیٹل سروسز کااستعمال کر رہی ہے جو پاکستان میں ڈیجیٹل معیشت کے فروغ کی واضح عکاسی کرتا ہے۔
ان خیالات کا اظہارانہوں نے البرکہ فورم ریجنل کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔افتتاحی کلمات میں البرکہ فورم برائے اسلامی معیشت کے سیکریٹری جنرل یوسف حسن خلوی نے ڈیجیٹل جدت کو اسلامی مالیات کے اصولوں کے ساتھ ہم آہنگ کرنے کی اسٹریٹجک اہمیت پر زوردیا۔کانفرنس کے خطاب کرتے ہوئے گورنراسٹیٹ بینک جمیل احمد نے کہا کہ حکومت اوراسٹیٹ بینک مشترکہ طور پر پاکستان کو ڈیجیٹل معیشت میں تبدیل کرنے کیلئے کوشاں ہیں ،
اس ضمن میں اسٹیٹ بینک کا وژن 2028ء ملک کی ڈیجیٹائزیشن کی مکمل عکاسی کرتاہے ۔کانفرنس کے دوران گورنراسٹیٹ بینک جمیل احمد کو ملکی مالیاتی اور ریگولیٹری منظرنامے کی ترقی میں ان کی قیادت اور خدمات کے اعتراف میں البرکہ فورم برائے اسلامی معیشت کی جانب سے اعزازی ٹرافی پیش کی گئی ۔اس کے علاوہ اسٹیٹ بینک کے گورنر اور البرکہ فورم کے سیکریٹری جنرل نے کانفرنس کے پلاٹینم اسپانسر ہونے کے اعتراف میں البرکہ بینک پاکستان کو بھی اعزازی یادگاری ٹرافی پیش کی۔ یہ ٹرافی البرکہ بینک پاکستان کے چیف ایگزیکٹو آفیسر عاطف حنیف نے وصول کی۔