چین تعاون کو تیار، پاکستان مہینوں میں ترقی کر سکتا: شہباز شریف

چین تعاون کو تیار، پاکستان مہینوں میں ترقی کر سکتا: شہباز شریف

نوجوان ہمارا مستقبل ،چین سے تربیت یافتہ زرعی گریجویٹس معیشت کی تقدیر بدل سکتے ، کچھ کامیابیاں حاصل کیں، بہت کرنا باقی معیشت استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی جانب گامزن، سی پیک 2کو حقیقت، کامیابی میں ڈھالیں گے :کانفرنس سے خطاب

اسلام آباد (نامہ نگار) وزیراعظم شہباز شریف نے زراعت، آئی ٹی اور مصنوعی ذہانت سمیت مختلف شعبوں میں چین کی ترقی کو مثال قرار دیتے ہوئے کہا کہ پاکستان چین کے تجربات اور مہارت سے استفادہ کرکے سالوں نہیں مہینوں میں کمال کر سکتا ہے ، نوجوان ہمارا مستقبل اور آنے والے کل کی امید ہیں، چین پاکستان کا آزمودہ دوست اور ہر طرح کے تعاون کیلئے تیار ہے ، پاکستان کی معیشت استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے ، سی پیک ٹو کو حقیقت اور کامیابی میں ڈھالیں گے ، چین سے جدید زراعت کی تربیت حاصل کرنے والے ایک ہزار زرعی گریجویٹس زرعی معیشت کی تقدیر بدل سکتے ہیں۔

وزیراعظم نے پاک چین ایگری انویسٹمنٹ کانفرنس سے خطاب میں زراعت کو پاکستانی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی قرار دیتے ہوئے کہا کہ اس میں وسیع مواقع موجود ہیں، جدید ٹیکنالوجی کو بروئے کار لا کر پیداوار بڑھانا ہوگی، اس سلسلے میں کچھ کامیابیاں حاصل کی ہیں، بہت کرنا باقی ہے ۔ چین پاکستان کو بہترین مہارتیں اور ٹیکنالوجی فراہم کر رہا ہے ، 2024اور 2025میں چین میں بی ٹو بی اور جی ٹو جی مفاہمتی یادداشتوں کا تبادلہ ہوا، ان ایم او یوزکو پاکستان اور چین کے کاروباری ادارے مل کر عملی معاہدوں میں بدل رہے ہیں۔ انہوں نے کہاپاکستان اور چین کے دوستانہ تعلقات برسوں پر محیط ہیں اور رواں سال ہم اپنے سفارتی تعلقات کی 75ویں سالگرہ منا رہے ہیں۔

وزیراعظم نے پاکستانی کسانوں، زرعی اداروں اور ماہرین پر زور دیا کہ آگے آئیں، اپنی صلاحیتوں کا مظاہرہ کریں اور وہ کمال کر دکھائیں جس کی پاکستان کی زرعی معیشت کو ضرورت ہے ۔ ہمارے نوجوانوں میں وہ صلاحیت ہے کہ ہم اپنی زرعی معیشت کو سالوں میں نہیں مہینوں میں بدل سکتے ہیں۔ پاکستان کی معیشت استحکام کے بعد پائیدار ترقی کی جانب گامزن ہے ، زراعت میں چین پاکستان کی ہرممکن مدد کیلئے تیار ہے ، پاکستان چینیوں کا اور چین پاکستانیوں کا دوسرا گھر ہے ، دونوں ممالک کی دوستی فولاد سے مضبوط اور شہد سے زیادہ میٹھی ہے ۔ قبل ازیں چین کے سفیر جیانگ ژائی ڈونگ نے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ زرعی تعاون پر گفتگو کیلئے اکٹھا ہونا نہایت اہمیت کا حامل ہے ، عالمی اقتصادی ترقی میں ہمارا حصہ تقریباً 30 فیصد ہے ، چین نے دنیا کے دیگر ممالک کیلئے نئے مواقع فراہم کئے ہیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں