بھارتی یوم جمہوریہپر آج کشمیری یوم سیاہ منائیں گے
مقبوضہ کشمیرمیں ہڑتال،دنیا بھر میں بھارت مخالف مظاہرے ،ریلیاں ہونگی
سرینگر (اے پی پی) کنٹرول لائن کے دونوں جانب اور دنیا بھر میں مقیم کشمیری آج 26 جنوری ، بھارت کے یومِ جمہوریہ کو یومِ سیاہ کے طور پر منائیں گے ۔ اس کا مقصد عالمی برادری کو باور کرانا ہے کہ بھارت کشمیریوں کو ان کا ناقابلِ تنسیخ حق، حقِ خود ارادیت دینے سے مسلسل انکار کر رہا ہے ۔ یومِ سیاہ منانے کی کال کل جماعتی حریت کانفرنس نے دی ہے ۔آج مقبوضہ جموں و کشمیر میں مکمل ہڑتال کی جائے گی، جبکہ آزاد جموں و کشمیر، پاکستان اور دنیا بھر کے دارالحکومتوں میں بھارت مخالف مظاہرے کیے جائیں گے اور ریلیاں نکالی جائیں گی۔
ادھر بھارتی قابض حکام نے یومِ جمہوریہ سے قبل مقبوضہ وادی میں سکیورٹی کے نام پر سخت لاک ڈاؤن نافذ کر دیا ہے ۔ بھارتی فوجیوں نے پورے مقبوضہ علاقے میں گاڑیوں اور راہگیروں کی تلاشی کا سلسلہ تیز کر دیا ہے ۔ وادی کشمیر اور جموں خطے میں یومِ جمہوریہ کی سرکاری تقریبات کے مقامات کی طرف جانے والی تمام سڑکوں کو خار دار تاریں اور رکاوٹیں لگا کر بند کر دیا گیا ہے ، جبکہ لوگوں کی نقل و حرکت کو محدود کرنے کے لیے بڑی تعداد میں قابض فورسز تعینات کی گئی ہیں ۔