تاجر برادری کا پالیسی ریٹ سنگل ڈیجٹ پر لانے کا مطالبہ
کاروباری لاگت ناقابل برداشت،صنعت و تجارت بری طرح متاثر ہو رہی حکومت کے پاس فنانشل کاسٹ کم کرنے کے اختیارات موجود ،ثاقب فیاض
کراچی(بزنس ڈیسک)بزنس مین پینل پروگریسیو (بی ایم پی پی)کے چیئرمین اور وفاقی چیمبر کے سینئر نائب صدر ثاقب فیاض مگوں نے کہا ہے کہ ملک میں مہنگائی کی شرح میں نمایاں کمی آ چکی ہے اور یہ پہلے ہی توقع کی جا رہی تھی کہ انفلیشن ریٹ سنگل ڈیجٹ میں آ جائے گا لہٰذا اب حکومت کو چاہیے کہ اس صورتحال سے فائدہ اٹھاتے ہوئے بزنس کمیونٹی کو فوری ریلیف فراہم کرے ۔ ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ اس وقت ملک میں کاروبار کرنے کی لاگت انتہائی بلند سطح پر پہنچ چکی ہے جس کی وجہ سے صنعت و تجارت بری طرح متاثر ہو رہی ہے ۔ حکومت کے پاس فنانشل کاسٹ کم کرنے کے اختیارات موجود ہیں اور انفلیشن ریٹ کم ہونے کے بعد یہ کام نسبتاً آسان ہو چکا ہے ۔ ان کا کہنا تھا کہ پالیسی ریٹ کو فوری طور پر سنگل ڈیجٹ میں لایا جانا چاہیے اور کم از کم 100 بیسس پوائنٹس کی کمی کی جانی چاہیے ۔
ثاقب فیاض مگوں نے مزید کہا کہ پاکستان میں بجلی کی قیمتیں پہلے ہی خطے میں سب سے زیادہ ہیں جس کے باعث پیداواری لاگت میں بے تحاشا اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔ بجلی کے زائد نرخ اور زیادہ فنانشل کاسٹ ہماری مصنوعات کی مسابقتی صلاحیت کو ختم کر دیتے ہیں جس کا براہ راست اثر برآمدات پر پڑتا ہے ۔انہوں نے زور دیا کہ اگر حکومت واقعی برآمدات میں اضافہ اور ملکی مصنوعات کو عالمی مارکیٹوں میں مسابقتی بنانا چاہتی ہے تو اسے ہر صورت کاسٹ آف فنانس کم کرنا ہوگی۔ پالیسی ریٹ میں کمی لانا ہوگی جس سے یقینی طور پر سے صنعتوں کو فروغ ملے گا۔