ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی قومی سکواڈ کا اعلان
فہیم ، نافع، سلمان ، فرحان ،عثمان طارق ، ابرار ، بابر اعظم ، فخر ، نواز، شاہین ، عثمان خان، صائم ، شاداب اور نسیم شاہ بھی سکواڈ کا حصہ حارث رؤف کا فیصلہ کنڈیشنز دیکھ کر کیا،سری لنکا میں جیسی کرکٹ کھیلی جاسکتی ہے اس کو دیکھ بابر اعظم کو ٹیم کا حصہ بنایا، عاقب جاوید
لاہور(سپورٹس ڈیسک)پاکستان نے ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے 15 رکنی سکواڈ کا اعلان کردیا۔سلمان علی آغا کو قومی ٹی 20 ٹیم کا کپتان مقرر کیا گیا ہے ، فہیم اشرف، خواجہ محمد نافع، محمد سلمان مرزا، صاحبزادہ فرحان سکواڈ میں شامل ہیں۔عثمان طارق ، ابرار احمد، بابر اعظم، فخر زمان، محمد نواز، شاہین شاہ آفریدی، عثمان خان، صائم ایوب، شاداب خان اور نسیم شاہ بھی سکواڈ کا حصہ ہوں گے ۔پاکستان 7 فروری کو نیدرلینڈز کے خلاف ورلڈ کپ مہم کا آغاز کرے گا، ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے میچز 7 فروری سے 8 مارچ تک ہوں گے ۔ قومی ٹیم کے سلیکٹر عاقب جاوید نے کہا ہے کہ کنڈیشنز کو مدنظر رکھتے ہوئے ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کیلئے ٹیم بنائی ہے ، سری لنکا میں جیسی کرکٹ کھیلی جاسکتی ہے اس کو دیکھ بابر اعظم کو ٹیم کا حصہ بنایا گیا ہے ۔
ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کیلئے قومی ٹیم کا اعلان کرتے ہوئے سلیکٹر عاقب جاوید، کپتان سلمان علی آغا اور ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے مشترکہ پریس کانفرنس کی۔ اس موقع پر عاقب جاوید نے کہا کہ حارث رؤف کافی عرصے سے کھیل رہے ہیں، تاہم ان کے حوالے سے فیصلہ کنڈیشنز کو دیکھ کر کیا گیا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ بابر اعظم کے نام پر کپتان اور کوچ دونوں نے مکمل اعتماد کا اظہار کیا ہے ۔ سلمان علی آغا کا کہنا تھا کہ ٹیم میں ہر کھلاڑی کا اپنا کردار ہوتا ہے جبکہ سری لنکا کی کنڈیشنز کو دیکھ کر اندازہ ہوتا ہے کہ وہاں بڑے سکور بنانا آسان نہیں ہوگا۔ مائیک ہیسن نے کہا کہ عثمان خان نے ٹیم میں واپسی کے بعد شاندار کارکردگی دکھائی ہے ،صاحبزادہ فرحان کو میچ کے دوران انجری کے معمولی مسائل کا سامنا کرنا پڑا، جس کے باعث ان پر رسک نہیں لیا جا سکتا، کیونکہ وہ ٹیم کے اہم کھلاڑی ہیں۔