امریکی رکن کانگریس الہان عمر پر ایک شخص نے مائع چھڑک دیا،حملہ آور گرفتار،ٹرمپ کا متنازع تبصرہ

امریکی رکن کانگریس الہان عمر پر  ایک شخص نے مائع چھڑک دیا،حملہ  آور گرفتار،ٹرمپ کا متنازع تبصرہ

میناپولس(رائٹرز)امریکی ریاست منی سوٹا کے شہر میناپولس میں ٹاؤن ہال اجلاس کے دوران ڈیموکریٹک رکن کانگریس الہان عمر پر ایک شخص نے بدبو دار مائع چھڑک دیا، سکیورٹی اہلکاروں نے فوری طور پر حملہ آور کو گرفتار کر لیا۔۔۔

الہان عمر واقعے میں محفوظ رہیں ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ مائع کے نمونے فارنزک جانچ کیلئے بھیج دیے گئے ۔یہ واقعہ اس وقت پیش آیا جب الہان عمر ٹاؤن ہال اجلاس میں امریکی امیگریشن اینڈ کسٹمز انفورسمنٹ کے اقدامات پر تنقید کر رہی تھیں۔ اپنے خطاب میں الہان عمر نے مطالبہ کیا کہ آئی سی ای کو مکمل طور پر ختم کیا جائے اور ہوم لینڈ سکیورٹی سیکرٹری کرسٹی نوم حالیہ واقعات پر استعفیٰ دیں یا مواخذے کا سامنا کریں۔انہی بیانات کے چند لمحوں بعد اگلی قطار میں بیٹھا ایک شخص اٹھا، سرنج نما آلے کے ذریعے الہان عمر پر مائع چھڑکا اور کہاآپ کو استعفیٰ دینا ہوگا۔مختصر وقفے کے بعد الہان عمر نے خطاب دوبارہ شروع کیا اور کہا کہ میں نے کم عمری میں ہی سیکھ لیا تھا کہ دھمکیوں کے آگے جھکنا نہیں چاہیے ۔ الہان عمر نے شرکا سے خطاب میں کہا کہ دھمکیوں اور تشدد سے انہیں عوامی خدمت سے روکا نہیں جا سکتا، اور وہ ایسے واقعات کے باوجود اپنے مو قف پر قائم رہیں گی۔صدر ٹرمپ ماضی میں بھی الہان عمر کو تنقید کا نشانہ بناتے رہے ہیں، اس واقعے پر متنازع تبصرہ کرتے ہوئے کہا کہ وہ اس معاملے پر زیادہ توجہ نہیں دیتے ۔ ٹرمپ نے کہا کہ انہوں نے ویڈیو نہیں دیکھی،اے بی سی نیوز سے گفتگو میں انہوں کہامیرے خیال میں وہ ایک فراڈ ہیں۔ سچ کہوں تو میں اس کے بارے میں سوچتا ہی نہیں۔ شاید اس نے خود ہی اپنے اوپر مائع چھڑکوایا ہو۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں