وادیاں، پہاڑ، درخت سب برفباری سے سفید، بالائی علاقوں میں ہر شے جم گئی
لاہور: (دنیا نیوز) وادیاں، پہاڑ، درخت سب برفباری سے سفید ہوگئی، بالائی علاقوں میں برفباری نے ہر شے جما دی۔
مری میں سفید گالے پڑنے سے سیاحوں کی موج مستی بڑھ گئی، آزاد کشمیر میں برفباری سے متعدد شاہراہیں بند ہوگئیں، باغ اور پیر چناسی شاہراہ کو ٹریفک کیلئے بحال کر دیا گیا، لیپہ ویلی شاہراہ کی بحالی کا کام جاری رہا۔
مظفر آباد سے تاؤ بٹ سڑک کئی روز بعد بھی نہ کھل سکی، راولاکوٹ سے تولی پیر شاہراہ برف پڑنے سے بند ہوگئی، آزاد کشمیر میں شدید برفباری سے 19 گھر مکمل تباہ ہوگئے، 47 کو جزوی نقصان پہنچا۔
کشمیر، خیبر پختونخوا اور خطہ پوٹھوہار میں چند مقامات پر بارش ہوئی، مظفر آباد، گڑھی دوپٹہ، کوٹلی، مری، منگلا، مالم جبہ میں بادل برسے، بالائی علاقوں میں درجہ حرارت بدستور نقطہ انجماد سے نیچے رہا۔
لہہ میں منفی 10، قلات اور پارا چنار میں پارا منفی 7 ریکارڈ کیا گیا، گوپس، مالم جبہ، استور میں درجہ حرارت منفی 6 تک گر گیا، نتھیا گلی، کالام میں منفی 5، سکردو میں منفی 4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔