اقتصادی رابطہ کمیٹی نے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی نیلامی کی منظوری دیدی

اسلام آباد: (دنیا نیوز) اقتصادی رابطہ کمیٹی نے پاسکو کے 5 لاکھ میٹرک ٹن گندم سٹاک کی نیلامی کی منظوری دے دی۔

وزیر خزانہ محمد اورنگزیب کی صدارت میں ای سی سی کا اجلاس ہوا، گندم، توانائی، صحت اور تعلیم سے متعلق اہم فیصلے کئے گئے، پنجاب کو پاسکو کے ذخائر سے 3 لاکھ میٹرک ٹن گندم کی فراہمی اور یوٹیلیٹی کمپنیوں کے واجبات کی ادائیگی کیلئے 10.98 ارب روپے کی منظوری دی گئی۔

اجلاس میں حفاظتی ٹیکہ جات کے تسلسل کیلئے 29.66 ارب روپے کی گرانٹ منظور کی گئی جبکہ درآمدی یوریا سبسڈی وفاق اور صوبوں میں 50/50 فیصد بنیاد پر تقسیم کرنے کا فیصلہ کیا گیا، یوریا سبسڈی کیلئے 23.42 ارب روپے کی تکنیکی ضمنی گرانٹ بھی منظور کی گئی۔

اجلاس نے کے پی میں ترقیاتی منصوبوں کیلئے 1.9 ارب روپے اور کیڈٹ کالج حسن ابدال کیلئے 15 کروڑ روپے کی گرانٹ کی منظوری دی، گلگت بلتستان میں بجلی بحران کم کرنے کیلئے سولر توانائی منصوبہ منظور کر لیا گیا۔

ایف بی آر کی جانب سے ضبط شدہ سولر پینلز جی بی کو دینے کی منظوری بھی دی گئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں