بانی کی صحت سے متعلق میڈیا رپورٹس پر پی ٹی آئی کور کمیٹی کا اظہار تشویش
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی کور کمیٹی نے بانی عمران خان کی صحت سے متعلق میڈیا رپورٹس پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔
تحریک انصاف کی کور کمیٹی کی جانب سے جاری اعلامیے میں کہا گیا ہے کہ میڈیا کے مطابق بانی کو اڈیالہ جیل سے پمز ہسپتال منتقل کیا گیا، بانی کو پمز ہسپتال سے دوبارہ اڈیالہ جیل منتقل کردیا گیا، تمام عمل سے متعلق بانی کی فیملی، پارٹی قائدین اور وکلا کو آگاہ نہیں کیا گیا۔
کور کمیٹی کا کہنا ہے کہ بانی پی ٹی آئی کی صحت سے متعلق آگاہ نہ کرنا تشویشناک ہے، کمیٹی نے بانی پی ٹی آئی کا معائنہ شوکت خانم ہسپتال کے ڈاکٹروں سے کروانے کا مطالبہ کرتے ہوئے کہا کہ تاخیر کی گئی تو عوام سے پرامن شٹرڈاؤن کی اپیل کی جا سکتی ہے۔
اعلامیہ میں مزید کہا گیا کہ بانی کی صحت سے متعلق واضح اور مکمل معلومات فراہم کی جائیں، اور ان کی فیملی، پارٹی رہنماؤں اور وکلا سے فوری ملاقات کروائی جائے۔