ایران:رہائشی عمارتوں میں دھماکے ، 5افراد ہلاک، 14زخمی
کسی حملے کا ثبوت نہیں ملا،دھماکے گیس لیکیج کے باعث ہوئے :ایرانی حکام
تہران(نیوز ایجنسیاں )ایران کے دو شہروں میں ہونے والے دھماکوں میں 5 افراد ہلاک اور 14 زخمی ہوگئے ۔ایرانی حکام کے مطابق بندرگاہ بندر عباس میں واقع رہائشی عمارت میں ہونے والے دھماکے میں 1 شخص ہلاک اور 14 زخمی ہوئے ۔ مقامی فائر چیف محمد امین نے ریاستی ٹی وی پر بتایا کہ ابتدائی تحقیقات کے مطابق کسی حملے یا تخریب کاری کا کوئی ثبوت نہیں ملا،دھماکا گیس لیکیج کے باعث ہوا ۔ اہوازشہر میں بھی رہائشی عمارت میں دھماکا ہوا، جس میں خاندان کے 4 افراد جان کی بازی ہار گئے ۔میڈیا رپورٹ کے مطابق ہفتے کی دوپہر میں ہونے والے دھماکے سے رہائشی عمارت کی کئی منزلوں کو شدید نقصان پہنچا ، دھماکا اس قدر شدید تھا کہ ایک کار اچھل کر دوسری طرف جا گری۔اسرائیل نے ایران میں ہونے والے دھماکوں میں ملوث ہونے کی تردید کی ہے ۔ایک عہدیدار کا کہنا تھا دھماکوں میں اسرائیل ملوث نہیں ہے ۔