پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ائیر لائن کو جھٹکا

پاکستانی فضائی حدود کی بندش سے بھارتی ائیر لائن کو جھٹکا

انڈیگو کی کوپن ہیگن کیلئے پروازیں بند ،برطانیہ کے لیے پروازوں میں کمی

نئی دہلی (رائٹرز) بھارت کی ایئرلائن انڈیگو نے بدھ کے روز اعلان کیا ہے کہ وہ ڈنمارک کے دارالحکومت کوپن ہیگن کے لیے اپنی طویل فاصلے کی پروازیں معطل کر دے گی، جبکہ دہلی اور برطانیہ کے درمیان بعض پروازوں میں بھی کمی کی جائے گی۔ کمپنی نے اس فیصلے کی وجہ جغرافیائی کشیدگی کے باعث پاکستان کی جانب سے فضائی حدود کی بندش کو قرار دیا ہے ۔یہ ایئر انڈیا کے بعد دوسری بڑی بھارتی ایئرلائن ہے جس نے بیرونِ ملک پروازوں میں کمی کا اعلان کیا ہے ۔ ایئر انڈیا نے بھی امریکا کے لیے بعض روٹس معطل کر دئیے ہیں ۔انڈیگو 17 فروری سے کوپن ہیگن کے لیے اپنی پروازیں معطل کر دے گی، یہ روٹ اکتوبر میں شروع کیے جانے کے صرف چند ماہ بعد بند کیا جا رہا ہے ۔ ایئرلائن 7 فروری سے دہلی-مانچسٹر سروس کو کم کر کے ہفتے میں چار پروازیں کر دے گی، جبکہ 19 فروری سے یہ تعداد مزید گھٹا کر تین پروازیں ہفتہ وار کر دی جائیں گی۔اسی طرح دہلی-لندن ہیتھرو کے درمیان پروازوں میں بھی کمی کی جائے گی، اور اس روٹ پر ہفتے میں پانچ کے بجائے چار پروازیں چلائی جائیں گی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں