کمبوڈیا کا بین الاقوامی پارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی میزبانی کا اعلان
چیئرمین سینیٹ کے اعزاز میں کمبوڈین ہم منصب کا ناشتہ ، اہم امور پر مشاورت کانفرنس اگست یا ستمبر میں ہوگی ، کمبوڈ ین وزیراعظم کو دورہ پاکستان کی دعوت
نوم پنہ، کمبوڈیا (اے پی پی) مملکت کمبوڈیا نے اعلان کیا ہے کہ وہ رواں سال اگست یا ستمبر میں بین الاقوامی بین الپارلیمانی سپیکرز کانفرنس کی میزبانی کرے گا۔ اس کا باضابطہ اعلان کمبوڈیا کی سینیٹ کے صدر اور ISC کے بانی چیئرمین سینیٹ سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں منعقدہ اعلیٰ سطح ناشتے کی ملاقات کے دوران کیا گیا۔سینیٹ سیکرٹریٹ کی جانب سے جاری بیان کے مطابق اس موقع پر کمبوڈیا کے سینیٹ کے صدر نے سید یوسف رضا گیلانی کے اعزاز میں ناشتے کا اہتمام بھی کیا ، اس غیر معمولی اور خصوصی ملاقات کو پاکستان اور کمبوڈیا کے درمیان باہمی اعتماد، احترام اور مضبوط تعلقات کی واضح علامت قرار دیا جا رہا ہے ۔علاوہ ازیں چیئرمین سینیٹ نے کمبوڈیا کے وزیراعظم کو پاکستان کے دورے کی دعوت بھی دی، جس کا مقصد دوطرفہ تعلقات کو مزید مضبوط بنانا اور تعاون کے نئے مواقع تلاش کرنا ہے ۔