ٹرمپ کا اوباما اور مشیل کی نامناسب ویڈیو شیئر کرنے پر معافی مانگنے سے انکار
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے ویڈیو پر معافی مانگنے سے انکار کر دیا جس میں باراک اور مشیل اوباما کو بندروں کے ساتھ دکھایا گیا۔
ٹرمپ نے ویڈیو کی مذمت کی تاہم ذمہ داری اپنے عملے پر ڈال دی۔ ویڈیو ٹرمپ کے سوشل میڈیا اکاؤنٹ پر پوسٹ کی گئی تھی اور اس میں جھوٹے الزامات کے ساتھ اوباما کی ایک سیکنڈ کی تصویر بندروں کے جسموں پر دکھائی گئی۔ اس اقدام پر ڈیموکریٹس نے شدید تنقید کی اور سینئر ریپبلکن سینیٹر نے بھی اسے نسلی تعصب قرار دیا۔ وائٹ ہاؤس نے ابتدا میں ویڈیو کو معمولی معاملہ قرار دیا، بعد میں عملے کی غلطی کا اعتراف کیا۔سابق نائب صدر کاملا ہیرس نے وائٹ ہاؤس پر شدید تنقید کرتے ہوئے کہا کہ ابتدائی دفاع کے بعد عملے کی غلطی کا بہانہ "پردہ پوشی" ہے اور کوئی بھی اسے نہیں مانتا۔