یورپ کو اب طاقت بن کر ابھرنا ہوگا:فرانسیسی صدر
دفاع،معیشت، سلامتی اور جمہوری نظام کیلئے مشترکہ فیصلے کرنا ہوں گے :میکخواں دنیا کی منڈیاں امریکی ڈالر کے متبادل کے طور پر یورپ کی طرف دیکھ رہی ہیں:گفتگو
پیرس ( مانیٹرنگ نیوز )فرانسیسی صدر ایمانوئل میکخواں نے یورپ پر زور دیا ہے کہ وہ چین، روس اور امریکا سے بڑھتے چیلنجز کے پیش نظر خود کو ایک عالمی طاقت کے طور پر منوائے ۔ یورپی اخبارات کے صحافیوں سے گفتگو میں انہوں نے کہا کہ یورپ کو دفاع، معیشت، سلامتی اور جمہوری نظام کے میدان میں فوری اور مشترکہ فیصلے کرنا ہوں گے ۔ میکخواں نے صنعتی ترقی، صاف توانائی، دفاع اور مصنوعی ذہانت میں سرمایہ کاری کیلئے مشترکہ یورپی قرض (یوروبانڈز) جاری کرنے کی تجویز دی اور کہا کہ دنیا کی منڈیاں امریکی ڈالر کے متبادل کے طور پر یورپ کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ ان کے مطابق یورپی یونین کو ان شعبوں میں سالانہ ایک اعشاریہ دو کھرب یورو کی سرمایہ کاری کی ضرورت ہے ۔