بھارت :بد نظمی کا شکار عالمی اے آئی سمٹ اختتام پذیر

بھارت :بد نظمی کا شکار عالمی اے آئی سمٹ اختتام پذیر

امریکا ،چین سمیت 86 ممالک کا قابل اعتماد ،مضبوط اورمحفوظ اے آئی پر زور وسیع موضوعات ،مبہم وعدے ، فوری ٹھوس نتائج کی توقع کم ہے :تجزیہ کار اے آئی اجلاس کے دوران بھارتی یوتھ کانگریس کی مودی مخالف نعرے بازی

نئی دہلی (نیوز ایجنسیاں)بھارت میں بد نظمی کا شکار عالمی اے آئی سمٹ اختتام پذیر ہو گیا۔ نئی دہلی میں ہونے والے پانچ روزہ اے آئی امپیکٹ سمٹ,میں امریکا، چین اور دیگر 86 ممالک و دو بین الاقوامی تنظیموں نے محفوظ، قابل اعتماد اور مضبوط مصنوعی ذہانت کی ضرورت پر زور دیا۔ اعلامیے میں کہا گیا کہ اے آئی کے فوائد انسانیت میں برابر بانٹنے چاہئیں۔ اجلاس میں کثیر لسانی ترجمے ، ملازمتوں میں خلل اور ڈیٹا سینٹرز کی بجلی کی بھاری کھپت جیسے موضوعات زیر بحث آئے ۔ ٹاپ ٹیک کمپنیوں کے سی ای اوز نے بھی شرکت کی۔ تجزیہ کاروں کے مطابق وسیع موضوعات اور مبہم وعدوں کی وجہ سے اجلاس کے فوری ٹھوس نتائج کی توقع کم ہے۔

دوسری جانب بھارت میں مصنوعی ذہانت کے فروغ کے دعوؤں کے ساتھ منعقد ہونے والا اے آئی سمٹ تنازعات کی زد میں رہا ۔پروگرام کے دوران بدانتظامی، متنازع بیانات اور سیاسی احتجاج نے حکومتی بیانیے پر سوالات کھڑے کر دیئے ۔بھارتی میڈیا کے مطابق بل گیٹس کا طے شدہ خطاب منسوخ ہوا ، ایک روبوٹ کو مقامی ایجاد قرار دینے کے دعوے پر بھی تنقید سامنے آئی۔ تقریب کے دوران بھارتی یوتھ کانگرس کے کارکنوں نے احتجاج کرتے ہوئے حکومت مخالف نعرے بازی کی۔یوتھ کانگرس کے صدر ادے بھانو نے مودی پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ امریکا کے ساتھ تجارتی معاہدوں میں قومی مفادات کو نظر انداز کیا جا رہا ہے اور نوجوان بے روزگاری و معاشی دباؤ کا شکار ہیں۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں