عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کیلئے شناختی کارڈ بلاک کرنا غیرقانونی : سپریم کورٹ

عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کیلئے شناختی کارڈ بلاک کرنا غیرقانونی : سپریم کورٹ

شناختی کارڈ لگژری شے نہیں، زندگی کی بنیادی ضرورت ہے ، کیا کل کو عدالتیں رقم کی واپسی کیلئے بجلی ، پانی کنکشن کاٹنے کا حکم دینگی؟:جسٹس منیب اختر،سندھ ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار کسی شہری کو شناختی کارڈ سے محروم کرنا بنیادی حق چھیننے کے مترادف ، ضابطہ دیوانی کے سیکشن 51 کے تحت کارڈ بلاک کرنے کی کوئی گنجائش نہیں،3صفحات کا تحریری فیصلہ جاری

اسلام آباد(کورٹ رپورٹر،دنیا نیوز،اے پی پی )سپریم کورٹ نے عدالتی فیصلے پر عملدرآمد کروانے کیلئے شناختی کارڈ بلاک کرنے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کے حکم کو غیر قانونی قرار دیتے ہوئے واضح کیا ہے کہ قانون میں واضح حکم کے بغیر کوئی بھی عدالت کسی کا شناختی کارڈ بلاک نہیں کر سکتی۔ عدالتِ عظمیٰ کے جسٹس منیب اختر نے شناختی کارڈ بلاک کرنے سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا حکم کالعدم قرار دیتے ہوئے تین صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کر دیا جس میں قرار دیا گیا ہے کہ کسی شہری کا شناختی کارڈ بلاک کرنا اسے عملی طور پر معاشرتی و قانونی زندگی سے خارج کرنے کے مترادف ہے جو بنیادی حقِ زندگی اور وقار کے منافی ہے ، شناختی کارڈ کوئی لگژری چیز نہیں، عام زندگی گزارنے کیلئے بنیادی ضرورت ہے۔

فیصلے میں قرار دیا گیا کہ اگر عدالتی فیصلوں پر عمل درآمد کیلئے اس نوعیت کے اقدامات کی اجازت دی جائے تو کیا کل عدالتیں رقم کی وصولی کیلئے بجلی اور پانی کے کنکشن منقطع کرنے کا حکم بھی دیں گی؟۔ عدالت نے واضح کیا کہ ایسے اقدامات قانون کے دائرہ اختیار سے باہر ہیں،کسی شہری کو شناختی کارڈ سے محروم کرنا زندگی کا بنیادی حق چھیننے کے مترادف ہے ، ضابطہ دیوانی کے سیکشن 51 کے تحت شناختی کارڈ بلاک کرنے کی کوئی گنجائش موجود نہیں۔ عدالت نے قرار دیا کہ پشاور ہائی کورٹ کی جانب سے سی پی سی میں کی گئی ترمیم کا اطلاق صوبہ سندھ پر نہیں ہوتا ، اس لئے اس بنیاد پر شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم درست قرار نہیں دیا جا سکتا۔ خیال رہے کہ 2016 میں ٹرائل کورٹ نے درخواست گزار کے خلاف رقم کی ادائیگی کی ڈگری جاری کی اور رقم کی عدم ادائیگی پر درخواست گزار کا شناختی کارڈ بلاک کرنے کا حکم دیدیا تھا،بعدازاں سندھ ہائی کورٹ نے ٹرائل کورٹ کے اس فیصلے کو برقرار رکھا جسے گزشتہ روز سپریم کورٹ نے کالعدم قرار دیدیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں