مشرق وسطیٰ پر قبضہ اسرائیل کا حق: امریکی سفیر ، بیان اشتعال انگیز : سعودی عرب ، اردن
خدا نے یہ زمین اسرائیلیوں کو دی ،اگر اسرائیل لبنان، شام، اردن پر قبضہ کر لے تو اعتراض نہیں ہوگا:مائیک ہکابی یہ بیان یو این چارٹر کی صریح خلاف ورزی، خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے :سعودی عرب ،اردن
یرو شلم،ریاض (نیو ز ایجنسیاں )اسرائیل میں امریکا کے سفیر مائیک ہکابی نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل مشرق وسطیٰ کے وسیع علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے تو انہیں اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔ایک انٹرویو کے دوران مائیک ہکابی نے کہا کہ خدا نے یہ زمین اسرائیلیوں کو دی ہے اور پورے خطے پر قبضہ اس کا حق ہے ، اگر اسرائیل دریائے نیل سے فرات تک کے علاقوں پر کنٹرول حاصل کر لے تو یہ ٹھیک ہوگا۔امریکی سفیر نے کہا کہ اگر اسرائیل لبنان، شام، اردن وغیرہ پر کنٹرول حاصل کر لے تو اس پر کوئی اعتراض نہیں ہوگا۔یاد رہے دریائے نیل سے دریائے فرات تک کا تصور بنیادی طور پر ایک جغرافیائی اصطلاح ہے جس کا تعلق گریٹر اسرائیل کے شدت پسند نظریے سے ہے ۔یہ منصوبہ لبنان سے لے کر سعودی عرب کے صحراؤں اور بحیرہ روم سے لے کر عراق کے نہر فرات تک کے علاقے پر مشتمل ایک تصوراتی خطہ ہے ۔
رپورٹ کے مطابق مائیک ہکابی کو گزشتہ سال امریکی صدر ٹرمپ نے اسرائیل میں سفیر مقرر کیا تھا۔سعودی عرب کی وزارت خارجہ نے امریکی سفیر کے بیان پر شدید ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے اسے غیر ذمہ دارانہ اور اشتعال انگیز قرار دیا ہے ۔سعودی عرب نے اسرائیل کی مشرقِ وسطیٰ پر مبینہ بالادستی سے متعلق بیان کو یکسر مسترد کرتے ہوئے کہا ہے کہ ایسے ریمارکس ناقابل قبول ہیں۔ بیان میں کہا گیا ہے کہ مذکورہ بیان عالمی قوانین اور اقوام متحدہ کے چارٹر کی صریح خلاف ورزی ہے اور اس سے خطے کے امن و استحکام کو خطرات لاحق ہو سکتے ہیں۔ریاض نے واضح کیا کہ اس نوعیت کے بیانات کشیدگی کو ہوا دینے اور امن کی کوششوں کو نقصان پہنچانے کے مترادف ہیں۔اردن نے مائیک ہکابی کے بیان کو فضول اور اشتعال انگیز قرار دیا۔ ترجمان وزارت خارجہ نے کہا امریکی سفیر کا یہ بیان سفارتی اقدار کے خلاف اور خطے کے کئی ممالک کی خودمختاری کے منافی ہے ۔ سفیر کا بیان شر انگیزی ہے۔
ترجمان نے اردن کے موقف کا اعادہ کرتے ہوئے کہا کہ مغربی کنارا بشمول مشرقی یروشلم اور غزہ کی پٹی بین الاقوامی قانون کے مطابق فلسطین کے مقبوضہ علاقے ہیں۔ اس لیے ان علاقوں پر اسرائیلی قبضے کا خاتمہ ہونا ضروری ہے تاکہ ایک آزاد فلسطینی ریاست کا قیام ہو سکے ۔ جیسا کہ اقوام متحدہ نے دو ریاستی حل کو تسلیم کر رکھا ہے ۔دوسری جانب مشرقی اور جنوبی لبنان میں اسرائیلی فضائی حملوں میں سینئر حزب اللہ رہنما سمیت کم از کم 12 افراد شہید ہو گئے ۔حزب اللہ نے حملے میں مارے جانے والے رہنما کی شناخت محمد یاغی صادق کے نام سے کی ہے ۔لبنانی وزارت صحت نے تصدیق کی ہے کہ ‘وادی بیکا میں متعدد مقامات پر اسرائیلی حملوں کے نتیجے میں 10 افراد شہید اور 24 زخمی ہوئے ہیں۔ حزب اللہ نے حملے کے بعد کہا ہے کہ اب ان کے پاس ملک اور اپنی حفاظت کیلئے مزاحمت کے سوا کوئی چارہ نہیں ہے ۔