بابر کے ٹاپ آرڈر پوزیشن پربیٹنگ کرنے پر’’پابندی ‘‘عائد

بابر کے ٹاپ آرڈر پوزیشن پربیٹنگ کرنے پر’’پابندی ‘‘عائد

ٹی ٹونٹی ورلڈکپس کے پاور پلے میں بابر کا سٹرائیک ریٹ 100 سے کم رہا سابق کپتان کا کردار مرکزی کے بجائے بیک اپ آپشن کی صورت اختیار کرگیا

کولمبو(آئی این پی )پاکستان کرکٹ ٹیم کے ہیڈ کوچ مائیک ہیسن نے واضح اشارہ دیا ہے کہ بابر اعظم کو دوبارہ اوپننگ پوزیشن نہیں دی جائے گی۔نیوزی لینڈ کے خلاف سپر ایٹ مرحلے کے میچ سے قبل پریس کانفرنس میں مائیک ہیسن نے کہا کہ بابر اچھی طرح جانتے ہیں کہ ٹی ٹونٹی ورلڈکپس کے پاور پلے میں ان کا سٹرائیک ریٹ 100 سے کم رہا ہے ، جو ٹیم کی موجودہ حکمت عملی سے مطابقت نہیں رکھتا۔ہیڈ کوچ نے کہا کہ بابر مڈل آرڈر میں ضرورت پڑنے پر مفید ثابت ہو سکتے ہیں، خاص طور پر جب ٹیم دباؤ میں ہو اور اننگز کو سنبھالنے کی ضرورت ہو۔انہوں نے کہا کہ ایشیا کپ کے بعد ٹیم میں واپسی پر بابر کو مخصوص کردار دیا گیا تھا اور وہ اب زیادہ تر نمبر چار پر بیٹنگ کر رہے ہیں۔مائیک ہیسن کا کہنا تھا کہ امریکا کے خلاف میچ میں بابر نے سیٹ ہونے کے بعد سٹرائیک ریٹ بڑھایا تھا، یہی وہ کردار ہے جو ہم ان سے چاہتے ہیں۔ہیڈ کوچ کا کہنا ہے کہ ٹیم میں ایسے کھلاڑی موجود ہیں جو فنشر کا کردار زیادہ موثر انداز میں ادا کر سکتے ہیں، اس لئے بابر کو اپنے کھیل اور کردار میں مزید تبدیلی لانا ہوگی،یوں بابر کا کردار اب مرکزی کے بجائے ایک اسٹیبلائزر یا بیک اپ آپشن کی صورت اختیار کرتا دکھائی دے رہا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں