قومی ہاکی کی بہتری کیلئے 2کمیٹیوں کے قیام کا اعلان
2روز میں گورننس مینجمنٹ کمیٹی اور پروفیشنل ڈیویلپمنٹ کمیٹی قائم کی جائیں گی ہاکی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا:صدر پی ایچ ایف محی الدین وانی
لاہور (سپورٹس ڈیسک )پاکستان ہاکی فیڈریشن کے صدر محی الدین وانی نے 2 کمیٹیوں کے قیام کا اعلان کردیا۔ محی الدین وانی کا کہنا ہے کہ آئندہ دو روز میں گورننس مینجمنٹ کمیٹی اور پروفیشنل ڈیویلپمنٹ کمیٹی قائم کی جائیں گی، کمیٹی انتظامی بہتری اور کھیل کے معیار کو بلند کرنے میں کردار ادا کرے گی۔انہوں نے کہا کہ گورننس مینجمنٹ کمیٹی فیڈریشن کے انتظامی اور آپریشنل امور بہتر بنانے پر توجہ دے گی، نئی کمیٹیوں کے قیام سے قومی کھیل ہاکی کو جدید تقاضوں سے ہم آہنگ کیا جائے گا۔محی الدین وانی کا کہنا تھا کہ گورننس مینجمنٹ کمیٹی پی ایچ ایف کے انتظامی امور کو بہتر کرے گی۔ کمیٹی میں ایچ آر، مالیاتی امور، ریسورس موبلائزیشن، کمیونیکیشن، رابطہ کاری کے ماہر شامل ہوں گے ۔صدر پی ایچ ایف نے کہا کہ کمیٹی سکولوں، کالجوں میں کھیلوں کے فروغ کے لئے رابطہ کاری بھی کرے گی۔پروفیشنل ڈیویلپمنٹ کمیٹی میں سابق اولمپئنز، سپورٹس کوچز، ٹرینرز، سپورٹس میڈیسن ایکسپرٹس شامل ہونگے ۔