قومی ترقی کا راستہ سیرت نبویؐ پر عمل میں مضمر: احسن اقبال
اڑان پاکستان کے تحت اخلاقی اور فکری اصلاح پر بھی کام کیا جا رہا سماجی تقسیم،اخلاقی اقدار کا فقدان بڑے چیلنجز :سیمینار سے خطاب
لاہور(اپنے کامرس رپورٹر سے )وفاقی وزیر برائے منصوبہ بندی و ترقی احسن اقبال کا کہنا ہے کہ پاکستان اس وقت ایک فیصلہ کن موڑ پر کھڑا ہے اور قومی ترقی کا راستہ سیرت نبویؐ پر عمل سے ہو کر گزرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اگر ساتویں صدی میں سیرت کے ذریعے ایک عظیم انقلاب برپا ہو سکتا ہے تو اکیسویں صدی میں کیوں نہیں؟ ،مسئلہ ہمارے عمل نہ کرنے میں ہے ،نثار فاطمہ انسٹیٹیوٹ میں پُرامن بقائے باہمی، قومی یکجہتی، اتحاد، سماجی تعمیرِ نو اور مہذب قوم کی تشکیل میں کردار کے عنوان سے منعقدہ سیمینار میں خطاب کرتے ہوئے احسن اقبال نے کہا کہ یہ کوئی روایتی نشست نہیں بلکہ اس بات کا تعین کرنے کا موقع ہے کہ سیرت پر عمل کر کے ہم ترقی کی منازل کیسے طے کر سکتے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ اللہ تعالیٰ نے پاکستان کو نوجوانوں اور قدرتی وسائل سے مالا مال کیا ہے ، مگر سماجی تقسیم اور اخلاقی اقدار کے فقدان جیسے بڑے چیلنجز بھی درپیش ہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ سیرت نبویؐ تمام انسانی اور عالمی مسائل کا جامع حل پیش کرتی ہے ، ضرورت اس امر کی ہے کہ ہم اس پر حقیقی معنوں میں عمل کریں۔احسن اقبال کا کہنا تھا کہ اڑان پاکستان وژن کے تحت اخلاقی اور فکری اصلاح پر بھی کام کیا جا رہا ہے تاکہ نوجوانوں کو سیرت نبویؐ کی تعلیمات سے جوڑ کر ایک مہذب اور متحد قوم کی بنیاد رکھی جا سکے ۔سیمینار میں پاکستان اور سعودی عرب سے تعلق رکھنے والے مفکرین اور علمی و ادبی شخصیات نے شرکت کی۔