صائم فارم میں ہوتو پاکستان کو ہرانا مشکل :پونٹنگ
سابق آسٹریلوی کپتان نے آل راؤنڈر کو سپرایٹ مرحلے کا اہم کھلاڑی قراردیدیا
کولمبو (سپورٹس ڈیکس )سابق آسٹریلوی کپتان رکی پونٹنگ نے آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈ کپ کے سپر ایٹ مرحلے میں پاکستان کے نوجوان اوپنر صائم ایوب کو اہم کھلاڑی قرار دے دیا ۔ایک حالیہ انٹرویو میں پونٹنگ نے صائم ایوب کا موازنہ جنوبی افریقہ کے جارح مزاج بلے باز ڈیوالڈ بریوس سے کرتے ہوئے کہا کہ صائم ایوب ایسی نوجوان صلاحیت ہیں جو میچ کا پانسہ پلٹ سکتے ہیں۔ اگر صائم فارم میں ہوں اورچند اچھی اننگز کھیلنے میں کامیاب ہو جائیں تو پاکستان کو شکست دینا مشکل ہو جائے گا۔ واضح رہے کہ موجودہ ٹورنامنٹ میں صائم ایوب کی کارکردگی غیر مستقل رہی ہے ۔ رواں سال کھیلے گئے آخری 9 ٹی ٹونٹی میچز میں صائم نے 142 رنز بنانے کے ساتھ 8 وکٹیں حاصل کی ہیں جو ان کی آل راؤنڈ صلاحیت کو ظاہر کرتا ہے اورپونٹنگ ان پر تبصر ہ ان کے بڑے پلیئر ہونے کی تصدیق ہے ۔