آسٹریلیا کرکٹ ٹیم کی اولمپکس میں شرکت پر سوالیہ نشان لگ گیا
ٹی 20ورلڈ کپ میں گروپ مرحلے سے باہر ہونے پر پوزیشن انتہائی کمزور ہوگئی اولمپکس کیلئے آئندہ سیریز اور عالمی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانا ہوگی:ماہرین
کولمبو (اے پی پی)ٹی ٹونٹی ورلڈکپ 2026 میں آسٹریلیا کی غیر متوقع اور مایوس کن کارکردگی نے نہ صرف شائقین کو حیران کر دیا بلکہ مستقبل کے بڑے اہداف پر بھی سوالیہ نشان لگا دیا ہے ۔ گروپ مرحلے میں زمبابوے اور سری لنکا کے خلاف شکست کے بعد آسٹریلوی ٹیم ایونٹ سے باہر ہوگئی، جسے حالیہ برسوں کی بڑی ناکامیوں میں شمار کیا جا رہا ہے ۔ذرائع کے مطابق اس ناکامی کے اثرات صرف ورلڈکپ تک محدود نہیں رہیں گے بلکہ 2028 میں لاس اینجلس اولمپکس میں کرکٹ کی ممکنہ شرکت بھی متاثر ہو سکتی ہے ۔ اطلاعات ہیں کہ میزبان امریکا سمیت محض چھ ٹیموں کو اولمپکس میں جگہ ملے گی اور عالمی درجہ بندی میں تنزلی کے بعد آسٹریلیا کی پوزیشن کمزور دکھائی دے رہی ہے ۔ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر آسٹریلیا کو اولمپکس میں جگہ بنانی ہے تو اسے آئندہ سیریز اور عالمی مقابلوں میں نمایاں کارکردگی دکھانا ہوگی۔ بصورت دیگر گولڈ میڈل جیتنے کا خواب تو ایک طرف اولمپکس میں شرکت بھی مشکل ہو سکتی ہے ۔دوسری جانب ٹیم مینجمنٹ اور کوچنگ سٹاف نے بھی بڑے ایونٹ میں ناکامی کے بعد سکواڈ میں ممکنہ تبدیلیوں کا عندیہ دیا ہے ۔ ذرائع کے مطابق سلیکشن پالیسی اور ٹیم کمبی نیشن پر ازسرنو غور کیا جا رہا ہے تاکہ مستقبل میں ایسی ناکامی سے بچا جا سکے ۔کرکٹ حلقوں میں اس مہم کو واضح طور پر ناکام قرار دیا جا رہا ہے اور توقع کی جا رہی ہے کہ آنے والے دنوں میں آسٹریلوی ٹیم میں بڑی تبدیلیاں دیکھنے کو مل سکتی ہیں۔