ٹی 20ورلڈکپ سپرایٹ مرحلہ:بارش آگئی،شاہینوں اور کیویز کا مقابلہ منسوخ
سلمان علی آغا نے نیوزی لینڈ کیخلاف میچ کا ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا تاہم بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو وقفے وقفے سے جاری رہا دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ مل گیا ،آج کینڈی میں سری لنکا اور انگلینڈ کا جوڑپڑے گا،بھارت اور جنوبی افریقہ کا میچ احمد آباد میں کھیلا جائے گا
کولمبو(سپورٹس ڈیسک)ٹی 20 ورلڈ کپ کے سپرایٹ مرحلے میں پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ بارش کے باعث منسوخ کر دیا دونوں ٹیموں کو ایک ایک پوائنٹ دیدیا گیا ۔کولمبو میں آئی سی سی مینز ٹی ٹونٹی ورلڈکپ کے سپر 8مرحلے کا اہم مقابلہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان پریماداسا سٹیڈیم کولمبو میں کھیلا جانا تھا تاہم مسلسل بارش کے باعث شائقین کرکٹ ایک سنسنی خیز میچ سے محروم رہ گئے ۔میچ سے قبل پاکستان کے کپتان سلمان علی آغا نے ٹاس جیت کر پہلے بیٹنگ کرنے کا فیصلہ کیا، جس کے بعد قومی ٹیم کے کھلاڑی میدان میں اترنے کی تیاری کر رہے تھے لیکن اسی دوران بارش کا سلسلہ شروع ہوگیا جو وقفے وقفے سے جاری رہا۔ گراؤنڈ سٹاف کی جانب سے میدان کو کھیل کے قابل بنانے کی بھرپور کوشش کی گئی تاہم موسم کی خرابی کے باعث صورتحال بہتر نہ ہوسکی۔بارش طویل ہونے کے سبب ایک بھی گیند نہ پھینکی جاسکی اور امپائرز نے طویل انتظار کے بعد میچ منسوخ کرنے کا اعلان کردیا۔ اس فیصلے کے بعد دونوں ٹیموں کو قوانین کے مطابق ایک، ایک پوائنٹ دے دیا گیا۔میچ کی منسوخی سپر 8 مرحلے میں دونوں ٹیموں کی پوزیشن پر اثر انداز ہوسکتی ہے کیونکہ اس مرحلے میں ہر پوائنٹ انتہائی اہمیت کا حامل ہوتا ہے ۔نیوزی لینڈ کے خلاف میچ کیلئے خواجہ نافع کی جگہ فخر زمان کو پلیئنگ الیون میں شامل کیا گیا تھا۔پاکستانی ٹیم سپر ایٹ مرحلے میں اپنا دوسرا میچ 24 فروری کو انگلینڈ کے خلاف کھیلے گی جبکہ آج سپر ایٹ مرحلے میں دو میچز کھیلے جائیں گے ۔گروب بی میں سری لنکا اور انگلینڈ کا مقابلہ کینڈی میں ہوگا جبکہ گروپ اے کا میچ بھارت اور جنوبی افریقہ کے درمیان احمد آباد میں کھیلا جائے گا ۔