ٹرمپ نے عالمی محصول 10سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا
نیا ٹیرف قانونی اور جائز ،عدالت نے ملکی مفاد میں صحیح اقدام نہیں کیا:امریکی صدر نئے محصول کی مدت 150 دن تک محدود ہے ، کچھ شعبوں میں رعایتیں برقرار
واشنگٹن(اے ایف پی)امریکی صدر ٹرمپ نے امریکی سپر یم کورٹ کے فیصلے کے بعد عالمی محصول 10 سے بڑھا کر 15 فیصد کر دیا۔ٹرمپ نے کہاکہ ٹیرف میں شامل کئی ممالک ایسے ہیں جو کئی دہائیوں سے امریکا کا استحصال کرتے آرہے ہیں، میری انتظامیہ آنے والے مہینوں میں قانونی طور پر نئے اور قابلِ اجازت ٹیرف کا تعین کرے گی۔ ٹرمپ نے کہا کہ یہ قدم قانونی اور جائز سطح پر محصول بڑھانے کے لیے ہے ۔ نئے محصول کی مدت 150 دن تک محدود ہے اور کچھ شعبوں میں رعایتیں برقرار ہیں۔ ٹرمپ کا کہنا تھا کہ عدالت نے ملک کے مفاد میں صحیح اقدام نہیں کیا۔واضح رہے کہ جمعہ کو امریکی سپریم کورٹ نے دوسرے ملکوں پر صدر ٹرمپ کے اضافی ٹیرف غیر قانونی قرار دئیے ۔سپریم کورٹ کے فیصلے کے بعد ٹرمپ نے تمام ممالک پر فوری طورپر 10فیصد ٹیرف عائد کردیا تھا۔