بنگلہ دیش:قومی شناختی کارڈ کے حصول کیلئے عمر 16سال مقرر
9نوجوانوں کے قتل کیس میں شیخ حسینہ سمیت 6 ملزم8مارچ کو طلب
ڈھاکہ(دنیا مانیٹرنگ)بنگلہ دیش کے الیکشن کمیشن نے اعلان کیا ہے کہ اب 16 اور 17 سال کے نوجوان بھی قومی شناختی کارڈ کیلئے درخواست دے سکیں گے ۔ اتوار کو جاری نوٹیفکیشن میں فیلڈ افسروں کو ہدایت دی گئی کہ وہ16 سال کی عمر کے شہریوں کیلئے رجسٹریشن کی سہولت فراہم کریں۔ 2008 سے 18 سال یا اس سے زائد عمر کے شہری این آئی ڈی کے اہل تھے ، شناختی کارڈ بینک اکاؤنٹ کھولنے ، پاسپورٹ، ڈرائیونگ لائسنس، سیم کارڈ رجسٹریشن اور زمین سے متعلق خدمات کیلئے ضروری ہے ۔بین الاقوامی جرائم کی عدالت کے چیئر مین ایم ڈی غلام مرتضی ٰکی سربراہی میں دو رکنی بینچ نے سابق وزیر اعظم شیخ حسینہ سمیت 6مفرور ملزموں کو جہاج باری آپریشن میں 9 نوجوانوں کے قتل سے متعلق کیس میں عدالت میں پیش ہونے کا حکم دے دیا۔ کیس میں کل8 ملزم شامل ہیں، جن میں سے دو سابق آئی جی پی اے کے ایم شاہد الحق اور سابق ڈپٹی کمشنر ایم ڈی اسد الزمان زیر حراست ہیں۔ عدالت نے اگلی سماعت8مارچ کو مقرر کی ہے ۔