طالبان عالمی دہشتگرد ، پاکستان کو اپنے دفاع کا حق ہے :امریکا
پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی سے آگاہ ہیں :محکمہ خارجہ طالبان انسدادِ دہشتگردی کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مسلسل ناکام رہے :ترجمان
واشنگٹن(رائٹرز )امریکا نے جمعہ کو پاکستان کے اس مؤقف کی حمایت کی ہے جس میں کہا گیا ہے کہ اسے افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان کی جانب سے ہونے والے حملوں کے خلاف اپنے دفاع کا حق حاصل ہے ۔امریکی محکمہ خارجہ کے ترجمان نے ایک بیان میں طالبان کو عالمی دہشتگرد گروہ قرار دیتے ہو ئے کہا کہ امریکا پاکستان کے اپنے دفاع کے حق کی حمایت کرتا ہے اور طالبان کو عالمی دہشت گرد گروہ قرار دیا۔ ترجمان نے کہا کہ واشنگٹن پاکستان اور افغان طالبان کے درمیان بڑھتی ہوئی کشیدگی اور جھڑپوں سے آگاہ ہے ، اور انسانی جانوں کے ضیاع پر افسوس کا اظہار کیا ہے ۔محکمہ خارجہ نے مزید کہا کہ طالبان اپنی انسدادِ دہشت گردی کی ذمہ داریوں کو پورا کرنے میں مسلسل ناکام رہے ہیں، اور دہشت گرد گروہ افغانستان کی سرزمین کو اپنے حملوں کے لیے اڈے کے طور پر استعمال کر رہے ہیں۔مزید برآں امریکی سفارتکار ایلیسن ہوکر نے سوشل میڈیا پر بتایا کہ انہوں نے جمعہ کو پاکستان کی خارجہ سیکرٹری آمنہ بلوچ سے گفتگو کی۔