بھارت میں اقلیتوں کیخلاف دشمنی بڑھ رہی:عالمی جریدہ

بھارت میں اقلیتوں کیخلاف دشمنی بڑھ رہی:عالمی جریدہ

انسانی حقوق کے علمبرداروں کو شدید خطرات ، قانونی دبا ؤ کا سامنا :بیفور اٹس نیوز مزار منہدم ،بے حرمتی کی جا رہی ہے ،دلت و مسیحیوں سے بھی امتیازی سلوک بھارت میں اقلیتوں کو تدفین کے حقوق میں بھی شدید مشکلات کا سامنا:رپورٹ

سرینگر(اے پی پی)عالمی جریدے بیفور اٹس نیوز نے اپنی ایک رپورٹ میں بھارت میں انسانی حقوق کی خلاف ورزیوں کو بے نقاب کر دیا ۔ رپورٹ میں کہاگیا ہے کہ بھارت میں انسانی حقوق کے علمبرداروں کو شدید خطرات اور قانونی دباؤ کا سامنا ہے ۔ ہندوتوا نظریے پر مبنی سیاسی تقاریر اقلیتوں کے خلاف دشمنی کو بڑھاوا دیتی ہیں جو سماجی تقسیم اور امتیاز کو گہرا کر رہی ہیں۔ اقلیتی طبقوں کو تدفین کے حقوق میں شدید مشکلات کا سامنا ہے جہاں مسیحی خاندانوں کو اپنے عزیزوں کی میتوں کو دور دراز علاقوں میں دفن کرنا پڑتا ہے ۔ دلت اور عیسائی کمیونٹیز بھارت میں تدفین کی جگہوں اور جنازہ کے حقوق کے لیے ذات پات کے امتیاز کا سامنا کر رہی ہیں۔ رپورٹ میں کہاگیاکہ بھارت میں مسلمانوں کے مزاروں کو منہدم اور بے حرمتی کا نشانہ بنایا جا رہا ہے ، جو مذہبی آزادی اور ثقافتی ورثہ کو متاثر کر رہا ہے ۔ہندوتوا نظریے سے متاثرہ پالیسیوں نے اقلیتی برادریوں کو غیر متناسب طور پر متاثر کیا ہے جن میں مسلمان، عیسائی اور دلت شامل ہیں۔ شہریت سے متعلق اقدامات، انسدادتبدیلی مذہب کے قوانین اور مذہبی رسومات پر پابندیاں اس کی واضح مثالیں ہیں۔تجزیہ کاروں کا کہنا ہے کہ عالمی رپورٹ سے واضح ہوتا ہے کہ بھارت میں ادارہ جاتی تعصب اور سماجی امتیاز ہے جو جمہوری اقدار اور اقلیتوں کے حقوق کو برقرار رکھنے کے بھارتی دعووں سے متصادم ہے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں