روس اور یوکرین فوری جنگ بندی ،مذاکرات کریں:پاکستان

 روس اور یوکرین فوری جنگ بندی ،مذاکرات کریں:پاکستان

فریقین کے سکیورٹی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے حل تلاش کرنا ضروری ہے طویل جنگ نے عالمی تقسیم کو گہرا کیا:عاصم افتخار کا سلامتی کونسل میں خطاب

اقوام متحدہ (اے پی پی)پاکستان نے روس اور یوکرین کے درمیان فوری جنگ بندی اور امن مذاکرات کی جلد بحالی کا مطالبہ کرتے ہوئے اس بات پر زور دیا ہے کہ اس مسئلے کا کوئی فوجی حل موجود نہیں، اقوامِ متحدہ میں پاکستان کے مستقل مندوب عاصم افتخار احمد نے سلامتی کونسل میں یوکرین کی صورتحال پر بحث کے دوران کہا کہ ایک منصفانہ اور دیرپا امن صرف مسلسل،  منظم اور بامعنی مذاکرات کے ذریعے ہی حاصل کیا جا سکتا ہے ،پاکستان نے اس جنگ کے آغاز سے ہی بات چیت اور سفارت کاری کی حمایت کی ہے ،انہوں نے کہا کہ اس طویل جنگ نے عالمی تقسیم کو گہرا ، کثیرالجہتی نظام کو کمزور کیا اور پرامن حل کی کوششوں کو پیچیدہ بنا دیا ہے۔

پاکستانی مندوب نے کہا کہ عام شہری اس جنگ کا سب سے زیادہ بوجھ اٹھا رہے ہیں، جنہیں جانی نقصان، بے گھر ہونے اور گھروں و بنیادی ڈھانچے کی تباہی کا سامنا ہے ،انسانی تکالیف فوری طور پر اس بات کی متقاضی ہیں کہ شہریوں کے تحفظ اور پرامن حل کو ترجیح دی جائے ۔ انہوں نے افسوس کا اظہار کیا کہ مشرقِ وسطٰی میں ایک اور بحران نے یوکرین پر مذاکراتی عمل کو بھی متاثر کیا ہے ، تاہم انہوں نے امید ظاہر کی کہ مذاکرات کا اگلا دور جلد شروع ہوگا، پائیدار امن کیلئے اقوامِ متحدہ کے منشور کے اصولوں کی پاسداری اور تمام فریقین کے جائز سکیورٹی مفادات کو مدنظر رکھتے ہوئے قابلِ قبول حل تلاش کرنا ضروری ہے ۔ 

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں