بنگلہ دیش ،سری لنکا،ویتنام ،فلپائن میں توانائی بحران
بنگلہ دیش میں جیٹ ایندھن 79 فیصد مہنگا،ویتنام میں اندرونی پروازیں معطل سری لنکا میں سٹریٹ لائٹ ، اشتہارات بند،فلپائن میں توانائی ایمرجنسی نافذ
ڈھاکہ،کولمبو،منیلا،ہنوئی(اے ایف پی) ایران جنگ کے باعث مشرق وسطیٰ سے جیٹ فیول کی سپلائی محدود ہو گئی ، بنگلہ دیش ،سری لنکا،ویتنام ،فلپائن میں توانائی بحران پیدا ہو گیا ۔بنگلہ دیش نے جیٹ ایندھن کی قیمتیں 79 فیصد بڑھا دی ہیں جس کے بعد جنگ کے آغاز سے قیمت 111 فیصد اضافے کے ساتھ فی لٹر1اعشاریہ32ڈالر ہو گئی ۔بنگلہ دیش ایوی ایشن آپریٹرز ایسوسی ایشن نے کہا کہ اس ماہ ایندھن کی فراہمی یقینی ہے ، لہٰذا قبل از وقت قیمت بڑھانا ناجائز تھا۔ ویتنام کی قومی ایئر لائن اگلے ماہ سے ایندھن کی کمی کے سبب ہفتے میں 23 اندرونی پروازیں معطل کرے گی۔
سول ایوی ایشن اتھارٹی نے کہا کہ مشرق وسطیٰ میں جاری جنگ نے جیٹ فیول کی سپلائی محدود کر دی جس سے پروازیں متاثر ہوں گی۔سری لنکا نے توانائی کی کمی کے پیش نظر سٹریٹ لائٹ ، نیون سائن اور بل بورڈز کی روشنی بند کرنے کا حکم دے دیا ہے ۔ حکومت نے ہدایت کی ہے کہ تمام سرکاری ادارے ایئر کنڈیشنگ کے استعمال کو کم کریں تاکہ بجلی کی کھپت 25 فیصد تک کم ہو۔فلپائن کے صدر فرڈیننڈ مارکوس نے مشرق وسطیٰ جنگ کے باعث ملک میں قومی توانائی ایمرجنسی نافذ کردی۔